امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آئیووا میں میڈیا سے گفتگو اور ایک عوامی تقریب کے دوران ایران، معیشت، سرحدی سیکیورٹی اور آئندہ انتخابات سے متعلق متعدد اہم بیانات دیے۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکی بحری بیڑہ ایران کی جانب روانہ ہے اور جون میں ایران کی جوہری صلاحیت محدود کر دی گئی تھی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران میں کی گئی فوجی کارروائی کے دوران کوئی شہری متاثر نہیں ہوا اور توقع ہے کہ ایران امریکی حکومت کے ساتھ کسی معاہدے پر پہنچ جائے گا۔
صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ امریکا میں تیل کی قیمتیں کم کر دی گئی ہیں اور ملک کی سرحدیں محفوظ ہیں۔ ان کے بقول ہزاروں جرائم پیشہ اور غیر قانونی افراد کو ملک سے واپس بھیجا جا چکا ہے اور امریکی فوج کو مزید مضبوط بنایا گیا ہے۔
انہوں نے موجودہ حکومت کے حوالے سے کہا کہ مہنگائی کا بحران سابقہ انتظامیہ سے ورثے میں ملا تھا، تاہم ایک سال کے دوران مہنگائی کی شرح میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے اور امریکی معیشت اب دنیا کی مضبوط ترین معیشت بن چکی ہے۔
صدر ٹرمپ نے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ مڈٹرم انتخابات آسانی سے جیت جائیں گے۔ اس کے علاوہ، انہوں نے منی سوٹا میں حالیہ واقعے کی منصفانہ تحقیقات کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ وہ خود اس کی نگرانی کریں گے۔
سابق حکومت کی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ انہی فیصلوں کے باعث لاکھوں غیر قانونی افراد امریکا میں داخل ہوئے اور ماضی میں امریکی سرحدیں تاریخ کی بدترین حالت میں تھیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos