بنگلہ دیش،جماعتِ اسلامی کے سینئر رہنما انتخابی مہم کے دوران جاں بحق

 

بنگلہ دیش کے ضلع شیرپور میں انتخابی سرگرمی کے دوران بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) اور جماعتِ اسلامی کے کارکنان کے درمیان ہونے والے پرتشدد تصادم میں جماعتِ اسلامی کے ایک سینئر رہنما شدید زخمی ہونے کے بعد جانبر نہ ہو سکے، جس سے ملک میں انتخابات سے قبل سیاسی کشیدگی پر تشویش بڑھ گئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق جماعتِ اسلامی کے مقامی رہنما مولانا رضا الکریم ضلع شیرپور کے علاقے جھینائی گاتی میں پیش آنے والے واقعے میں شدید زخمی ہوئے۔ تصادم اس وقت ہوا جب شیرپور-3 کے حلقے سے امیدواروں کے انتخابی منشور کی تقریب جاری تھی اور اگلی نشستوں پر بیٹھنے کے معاملے پر اختلافات نے شدت اختیار کر لی۔

مولانا رضا الکریم جماعتِ اسلامی کی سری بردی اپازلا شاخ کے سیکرٹری تھے اور فتح پور فاضل مدرسہ میں عربی کے لیکچرار کے فرائض انجام دے رہے تھے۔ انہیں تشویشناک حالت میں میمن سنگھ میڈیکل کالج اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا تاہم وہ راستے میں ہی دم توڑ گئے۔

پولیس کے مطابق متاثرہ شخص کو رات 9 بج کر 35 منٹ پر اسپتال پہنچنے پر مردہ قرار دیا گیا، جس کے بعد لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا۔ عینی شاہدین اور مقامی حکام کا کہنا ہے کہ تصادم کے دوران سینکڑوں کرسیاں اور متعدد موٹر سائیکلیں توڑ دی گئیں جبکہ دونوں جماعتوں کے کم از کم 30 کارکن زخمی ہوئے۔

واقعے کے بعد سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے جبکہ حکام کا کہنا ہے کہ حالات کی سنگینی کے پیشِ نظر تحقیقات جاری ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔