فائل فوٹو
فائل فوٹو

سوات: وادی سلاتنڑ میں شدید برفباری سے 6 ہزار نفوس محصور، انتظامیہ غائب

سوات کی دور افتادہ وادی سلاتنڑ میں شدید برفباری کے بعد 6 ہزار سے زائد آبادی گزشتہ ایک ہفتے سے محصور ہو کر رہ گئی ہے جبکہ تاحال سڑکیں بند، بجلی کی فراہمی مکمل طور پر معطل اور روزمرہ زندگی بری طرح متاثر ہے۔

علاقہ مکینوں کے مطابق کئی مقامات پر ساڑھے تین سے پانچ فٹ تک برف جمی ہوئی ہے جس کے باعث آمدورفت ناممکن ہو چکی ہے اور لوگ پیدل سفر کرنے پر مجبور ہیں۔ برفباری کے بعد اشیائے خورونوش کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے، جبکہ بیمار افراد کو چارپائیوں پر اٹھا کر کئی کلومیٹر دور اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ اور منتخب عوامی نمائندے مکمل طور پر غائب ہیں اور تاحال کوئی مؤثر امدادی کارروائی شروع نہیں کی گئی۔

مقامی افراد کے مطابق صرف ٹریکٹر کے ذریعے برف ہٹانے کی کوشش کی جا رہی ہے جو بھاری برفباری کے باعث ناکافی ہے، جبکہ بھاری مشینری نہ پہنچنے کے باعث سڑکوں کی بحالی ممکن نہیں ہو پا رہی۔ وادی سلاتنڑ کے مکینوں نے شدید سردی، بجلی کی بندش اور بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ اور صوبائی حکومت سے فوری نوٹس لینے، سڑکیں کھلوانے، بجلی بحال کرنے اور خوراک و طبی سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔