امریکہ میں ایک شخص نے اس وقت سوشل میڈیا پر سب کو حیران کر دیا جب اس نے پولیس کی جانب سے اپنے ہی خلاف جاری’’ وانٹڈ‘‘ پوسٹر پر فیس بک پر تبصرے کرنا شروع کر دیے۔یہ واقعہ 2018 میں اس وقت پیش آیاتھا جب رِچ لینڈ پولیس ڈیپارٹمنٹ نے انتھونی ایکرز نامی شخص کو تلاش کرنے کے لیے فیس بک پر پوسٹ شیئر کی۔
پولیس نے پوسٹ میں کہا تھا کہ ’ انتھونی ایکرز عمر 38 برس پولیس کو مطلوب ہے کیونکہ اس نے عدالتی احکامات پر عمل نہیں کیا۔ اگر کسی کے پاس اس کے بارے میں معلومات ہوں تو اس نمبر پر رابطہ کریں۔
پولیس کے مطابق انتھونی ایکرز کو ابتدائی طور پر منشیات رکھنے کے مقدمے میں گرفتار کیا گیا تھا تاہم بعد میں پروبیشن کی شرائط پوری نہ کرنے پر اسے مطلوب قرار دے دیا گیا۔جیسے ہی انتھونی ایکرز کو معلوم ہوا کہ پولیس اسے فیس بک پر تلاش کر رہی ہے، اس نے غیرمعمولی قدم اٹھاتے ہوئے خود اسی پوسٹ کے کمنٹس میں پولیس کو جواب دیا۔ اس نے لکھا ذرا پرسکون ہو جائیں، میں خود ہی گرفتاری دینے آ رہا ہوں۔جب انتھونی مقررہ وقت پر پولیس سٹیشن نہیں پہنچا تو پولیس نے دوبارہ تبصرہ کرتے ہوئے اوقات کار بتائے اور پوچھا کہ کیا اسے کسی قسم کی مدد درکار ہے؟اس پر انتھونی نے جواب دیا شکریہ، بس کچھ ادھورے کام نمٹا رہا ہوں کیونکہ ممکن ہے مجھے ایک مہینے کے لیے اندر رہنا پڑے۔ اگلے 48 گھنٹوں میں آ جاؤں گا۔
اس کے بعد 48 گھنٹے گزرنے کے باوجود انتھونی ایکرز پولیس سٹیشن نہیں پہنچا، اسی دوران پولیس اور ملزم کی بات چیت پر مبنی کمنٹس وائرل ہوئے تو ایک دوسرے فیس بُک صارف نے اسی پوسٹ پر آکر پولیس سے پوچھا کہ کیا انتھونی نے خود کو پولیس کے حوالے کر دیا ہے؟۔ پولیس نے جواب دیا نہیں، اس نے ابھی تک گرفتاری نہیں دی۔
اس کے بعد انتھونی نے دوبارہ کمنٹ کیا اور معذرت کرتے ہوئے لکھا کہ میں آپ کو انتظار کروانے پر معذرت چاہتا ہوں۔ کل دوپہر کے کھانے سے پہلے لازمی پہنچ جاؤں گا۔ میں جانتا ہوں آپ کو اب مجھ پر یقین کرنے کی کوئی وجہ نہیں، لیکن اگر میں خود نہ پہنچ سکا تو کسی سواری کو فون کر کے اپنی کمٹمنٹ کے مسائل میں مدد لوں گا۔
اس کے بعد اگلا دن بھی گزر گیا اور انتھونی ایکرز نے گرفتاری نہ دی جس پر رِچ لینڈ پولیس نے طنزیہ انداز میں ایک نئی پوسٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’مورس منڈے، عزیز انتھونی، کیا مسئلہ ہم ہیں؟ بدھ کو ہم نے آپ کو مطلوب قرار دیا، آپ نے جواب دیا اور کہا کہ آپ خود آئیں گے۔ ہم نے انتظار کیا لیکن آپ نہیں آئے۔ پھر ہم نے سواری کی پیشکش کی، آپ نے کہا 48 گھنٹے چاہییں۔ ویک اینڈ بھی گزر گیا، اب ہمیں لگنے لگا ہے کہ آپ نہیں آ رہے۔ براہِ کرم ہمیں کسی بھی وقت فون کریں، ہم خود آپ کو اٹھانے کے لیے حاضر ہو جائیں گے۔
اس پوسٹ کے بعد انتھونی ایکرز پولیس سٹیشن پہنچ گیا مگر اس سے پہلے اس نے پولیس سٹیشن کے دروازے پر ایک سیلفی پوسٹ کی جس کے ساتھ لکھا کہ ’اپنی ملاقات کے لیے حاضر ہوں، جانِ من۔اس کے بعد انتھونی ایکرز نے ایک انٹرویو میں بتیا تھا کہ وہ امریکن نیوی کے سابق اہلکار تھے اور نشے کی وجہ سے انہیں آٹھ سال قید کی سزا ہوئی تھی جسے عدالت کی جانب سے اصلاحی پروگرام میں بدل دیا تھا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos