ملک کے مختلف علاقوں میں ایک نیا موسمی نظام اثر انداز ہونا شروع ہو گیا ہے، جس کے نتیجے میں بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری دیکھنے میں آ رہی ہے۔ بلوچستان کے متعدد اضلاع جن میں کوئٹہ، چمن، قلعہ عبداللہ اور پشین شامل ہیں، وہاں بارش ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ کوژک ٹاپ، شیلا باغ اور لوئی بند جیسے پہاڑی مقامات پر برفباری سے موسم شدید سرد ہو گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف حصوں میں یکم سے 3 فروری کے دوران بارش کا امکان ہے، جو وقفے وقفے سے 4 فروری تک جاری رہ سکتا ہے۔ مری اور گلیات میں برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ پوٹھوہار ریجن، سیالکوٹ، نارووال، گجرات اور گوجرانوالہ میں بھی بارش متوقع ہے۔ ممکنہ خراب موسم کے پیش نظر پی ڈی ایم اے پنجاب نے احتیاطی الرٹ جاری کر دیا ہے۔
اسی طرح خیبر پختونخوا کے بالائی اضلاع چترال، دیر، کوہستان، سوات اور کالام میں بھی بارش اور برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں آج موسم سرد رہنے اور مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شام اور رات کے وقت سردی میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے، تاہم آئندہ 24 گھنٹوں میں بارش کا کوئی امکان نہیں۔ شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
دوسری جانب کراچی میں رواں سال فروری کے دوران موسم معمول سے پہلے گرم ہونے کے آثار نظر آ رہے ہیں۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں سردی کی حالیہ لہر ختم ہو چکی ہے اور آئندہ دنوں میں سردی کی شدت کم رہنے کا امکان ہے۔
لاہور میں سرد موسم بدستور برقرار ہے، جہاں کم سے کم درجہ حرارت 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ ہواؤں کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے، جبکہ فضائی آلودگی کے باعث لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں دوسرے نمبر پر آ گیا ہے، جہاں ایئر کوالٹی انڈیکس 203 تک پہنچ چکا ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos