کراچی( رپورٹ:عمران خان) 26 ارب روپے ٹیکس ریکوری کیس میں ایف بی آر نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے بحریہ ٹاؤن ٹاور کراچی ضبط کرکےپبلک نوٹس جاری کردیا کہ اس ٹاور کے 145 فلیٹس، 42 دفاتر اور 103 دکانوں کی خرید و فروخت پر پابندی عائد کردی گئی ہے ۔تفصیلات کے مطابق ایف بی آر کراچی لارج ٹیکس پیئرز یونٹ کی ٹیم کی جانب سے نے بڑے ٹیکس نادہندگان کے خلاف کارروائی مزید تیز کرتے ہوئے 26 ارب روپے کی ٹیکس ریکوری کے ایک بڑے کیس میں بحریہ ٹاؤن کے خلاف فیصلہ کن قدم اٹھا لیا۔ ایف بی آر نے بحریہ ٹاؤن ٹاور کراچی کی پراپرٹی ضبط کرتے ہوئے اس حوالے سے باضابطہ پبلک نوٹس جاری کر دیا ہے، جس کے بعد رئیل اسٹیٹ مارکیٹ میں ہلچل مچ گئی ہے۔ایف بی آر ذرائع کے مطابق ٹیکس حکام نے 7 اکتوبر کو بحریہ ٹاؤن ٹاور کراچی پر چھاپہ مار کارروائی کی تھی، جس کے دوران عمارت سے متعلق تمام مالیاتی اور پراپرٹی ریکارڈ تحویل میں لے لیا گیا۔ کارروائی مکمل ہونے کے بعد ٹاور میں موجود 145 رہائشی یونٹس، 42 دفاتر اور 103 کمرشل دکانوں کو قانونی طور پر سرکاری تحویل میں لے لیا گیا۔ایف بی آر کی جانب سے جاری پبلک نوٹس میں واضح کیا گیا ہے کہ ضبط شدہ پراپرٹیز کی کسی بھی قسم کی خرید و فروخت، ٹرانسفر یا الاٹمنٹ ایف بی آر کی پیشگی اجازت کے بغیر غیر قانونی تصور ہوگی، جبکہ خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ فریق کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اس کارروائی سے قبل ایف بی آر نے بحریہ ٹاؤن کے ٹیکس گوشواروں، مالی لین دین اور دیگر دستاویزات کا تفصیلی اور باریک بینی سے جائزہ لیا تھا۔ شواہد مکمل ہونے کے بعد ہی ریڈ کی اجازت دی گئی، جس کے دوران اہم دستاویزات اور ڈیجیٹل ریکارڈ قبضے میں لیا گیا۔ایف بی آر نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ ضبط شدہ اثاثوں سے متعلق اگر کسی فریق کو کوئی اعتراض یا قانونی دعویٰ درپیش ہو تو وہ قانون کے مطابق اپنے اعتراضات لارج ٹیکس پئیر آفس اسلام آباد میں جمع کرا سکتا ہے، جہاں ان کی سماعت متعلقہ قوانین کے تحت کی جائے گی۔ٹیکس حکام کے مطابق بحریہ ٹاؤن ٹاور کراچی کی ضبطی بڑے ٹیکس نادہندگان کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کا حصہ ہے اور اس کارروائی کا مقصد قومی خزانے میں واجب الادا رقوم کی وصولی کو یقینی بنانا ہے۔ ایف بی آر حکام کا کہنا ہے کہ قانون کی بالادستی برقرار رکھنے اور ٹیکس نظام میں شفافیت لانے کے لیے بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos