بلوچستان میں دہشت گردوں ،سہولت کاروں اور بیرونی ہینڈلرزکو منطقی انجام تک پہنچائیں گے، خواجہ آصف

 

وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات پر پوری قوم کو واضح پیغام دینا چاہتا ہوں کہ یہ کسی حقوق کی جدوجہد کا نام نہیں، یہ بیرونی سرپرستی میں چلنے والی دہشت گردی ہے جس کا ہدف پاکستان بھی ہے اور بلوچستان کے اپنے لوگ بھی۔ یہ عناصر نہ ترقی برداشت کرتے ہیں نہ امن، اسی لیے وہ مزدوروں، مسافروں اور عام شہریوں کو نشانہ بناتے ہیں، ترقی کے منصوبے اور روزگار کے مواقع تباہ کرنا چاہتے ہیں، اور سی پیک جیسے منصوبوں کے خلاف سازش کرتے ہیں۔

 

سوشل میڈیاپرپوسٹ میں وزیردفاع کا کہناہے کہ یہ گروہ منظم مجرمانہ نیٹ ورکس، منشیات پر چلنے والی معیشت، بھتہ خوری، اور اسمگلنگ سے مالی مدد لیتے ہیں، سوشل میڈیا کے ذریعے دہشت گردی کی تشہیر اور نوجوانوں کی بھرتی کرتے ہیں۔

 

خواجہ آصف نے مزید کہا کہ ریاست پرعزم ہے، ہمارے قانون نافذ کرنے والے اداروں کا مورال بلند ہے، اور ہم دہشت گرد، سہولت کار اور بیرونی ہینڈلرز، سب کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔

 

واضح رہے کہ بلوچستان میں بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں کے متعدد حملے ناکام بناتے ہوئے سیکیورٹی فورسزنے ایک ہی دن میں 67دہشت گردہلاک کردیئے ہیں۔دوروزکے دوران 108ملک دشمنوں کو واصل جہنم کیا گیاہے۔الگ واقعے میں گوادرکے بلوچ خاندان کو نشانہ بنایاگیا جس میں 11مزدور شہید ہوئے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔