بھارت سے میچ کا بائیکاٹ۔ آئی سی سی کو بین الاقوامی کرکٹ پر منفی اثرات کا خدشہ
ادارہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے فیصلے سے باضابطہ آگاہ کیے جانے کا منتظرہے۔ ادارے کا بیان
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 میں پاکستان کی جانب سے بھارت کے خلاف میچ کے بائیکاٹ کے فیصلے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بین الاقوامی کرکٹ پر منفی اثرات کاخدشہ ظاہر کیا ہے۔ آئی سی سی کی ویب سائٹ پر بیان میں کہا گیا کہ ادارہ پاکستان کرکٹ بورڈ کےباضابطہ فیصلے سے آگاہ کرنے کا منتظر ہے۔بیان میں کہا گیا کہ پاکستان ایونٹ کے مخصوص میچز میں شرکت کرے گا، اس پوزیشن کو عالمی کھیلوں کے ایونٹ کی بنیاد کے ساتھ ہم آہنگ کرنا مشکل ہے، جہاں تمام ٹیموں سے ایونٹ کے شیڈول کے مطابق مساوی شرائط پر مقابلہ کرنے کی توقع کی جاتی ہے۔یہ فیصلہ بین الاقوامی کرکٹ کے نظام کو متاثر کرسکتا ہے۔
آئی سی سی نے کہا کہ ٹورنامنٹس کھیلوں کی سالمیت، مسابقت، مستقل مزاجی اور انصاف پر مبنی ہوتے ہیں اور مخصوص میچز میں شرکت مقابلوں کی افادیت کو مجروح کرتا ہے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا کہناہے کہ وہ قومی پالیسی کے معاملات میں حکومتوں کے کردار کا احترام کرتی ہے۔آئی سی سی نے یہ بھی کہا کہ فیصلہ پاکستان کے کروڑوں شائقین سمیت دنیا بھر کے فینز کے مفاد میں نہیں،۔بیان میں مزید کہا گیا کہ آئی سی سی کی ترجیح مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا کامیاب انعقاد ہے، جس کی ذمے داری پی سی بی سمیت اس کے تمام ممبران کی بھی ہونی چاہیے۔
آئی سی سی نے امید کا اظہار کیا کہ پاکستان ایسا تصفیہ تلاش کرے گا، جو باہمی طور تمام اسٹیک ہولڈرز کے مفادات کا تحفظ کرے۔
قبل ازیں ،پاکستان نے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت کی تصدیق تاہم بھارت کیخلاف میچ کے بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا۔
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے آج اہم ملاقات کی، جس میں ٹی20 ورلڈ کپ میں شرکت کے معاملے پر مشاورت کی گئی۔
طویل مشاورت کے بعد حکومت پاکستان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ میں شرکت کرے گی تاہم پاکستان کرکٹ ٹیم 15 فروری 2026 کو ہندوستان کے خلاف شیڈول میچ میں میدان میں نہیں اترے گی۔
The Government of the Islamic Republic of Pakistan grants approval to the Pakistan Cricket Team to participate in the ICC World T20 2026, however, the Pakistan Cricket Team shall not take the field in the match scheduled on 15th February 2026 against India.
— Government of Pakistan (@GovtofPakistan) February 1, 2026
پاکستان کو ورلڈ کپ کے گروپ اے میں بھارت، نیدر لینڈ، امریکا اور نمیبیا کے ساتھ شامل کیا گیا ہے۔ پروگرام کے مطابق پاکستان کا پہلا میچ 7 فروری کو نیدرلینڈ کے خلاف شیڈول ہے جبکہ پاک بھارت بڑا مقابلہ 15 فروری کو کولمبو میں رکھا گیا ہے۔
واضح رہے کہ حکومت نے پاکستان نے بنگلہ دیش کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر احتجاجاً بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس سے قبل انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بنگلہ دیش کے تمام تر تحفظات مسترد کرتے ہوئے اسے ایونٹ سے باہر کرتے ہوئے اسکاٹ لینڈ کی ٹیم کو ٹی20 ورلڈ کپ میں شامل کرلیا تھا۔
ذرائع کے مطابق قومی ٹیم ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے کل بروز پیر سری لنکا کے لیے روانہ ہو گی ۔