آسٹریلوی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان مچل مارش نے پاکستان کی جانب سے بھارت کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میچ نہ کھیلنے کے فیصلے پر پہلی بار ردِعمل دیا ہے۔
پاکستانی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ قومی ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت تو کرے گی، تاہم بھارت کے خلاف میچ میں حصہ نہیں لے گی۔ اس فیصلے کے بعد عالمی کرکٹ حلقوں میں خاصی توجہ اور بحث دیکھنے میں آ رہی ہے۔
یہ ردِعمل اس وقت سامنے آیا جب آسٹریلوی ٹیم پاکستان کے خلاف سیریز میں وائٹ واش ہونے کے بعد پریس کانفرنس کر رہی تھی۔ صحافیوں کی جانب سے اس فیصلے پر سوال کے جواب میں مچل مارش نے کہا کہ پاکستان کے بھارت کے خلاف میچ کے بائیکاٹ پر وہ کوئی تبصرہ نہیں کرنا چاہتے۔
آسٹریلوی کپتان نے کہا کہ ان کی ٹیم اس وقت مکمل طور پر ورلڈ کپ پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے اور ان کا فوکس آنے والے میچز پر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا مختلف کنڈیشنز میں کھیلنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور ٹیم اپنی غلطیوں کا جائزہ لے گی۔
پاکستان کے خلاف سیریز پر بات کرتے ہوئے مچل مارش نے اعتراف کیا کہ نتائج مایوس کن رہے۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا اس سیریز کو جیتنے کے ارادے سے پاکستان آئی تھی، مگر قومی ٹیم نے شاندار کارکردگی دکھائی اور مکمل طور پر حاوی رہی۔
ان کے مطابق بیٹنگ اور بولنگ دونوں شعبوں میں پاکستان نے آسٹریلیا کو آؤٹ کلاس کیا، خاص طور پر ہدف کے تعاقب میں مضبوط پارٹنرشپس کی کمی محسوس ہوئی۔ مچل مارش نے کہا کہ یہ سیریز ٹیم کے لیے سیکھنے کا موقع رہی اور آگے بڑھتے ہوئے ان تجربات سے فائدہ اٹھایا جائے گا۔
—
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos