پاکستان کی جانب سے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 میں بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کے فیصلے کے بعد بھارتی میڈیا نے پاکستان کے خلاف ممکنہ پابندیوں اور مالی جرمانوں کا پروپیگنڈا شروع کر دیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق آج آئی سی سی کی ورچوئل بورڈ میٹنگ میں پاکستان کے فیصلے پر بات کی جائے گی اور یہ فیصلہ کیا جائے گا کہ پاکستان کو ٹورنامنٹ کھیلنے کی اجازت دی جائے یا نہیں۔ بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کو اپنے فیصلے سے باضابطہ طور پر آگاہ نہیں کیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستان کو بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کی وجہ سے مالی جرمانے، ممکنہ پابندیاں اور اگلے بین الاقوامی ٹورنامنٹس میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ پاکستان سپر لیگ میں غیر ملکی کھلاڑیوں کی شرکت پر پابندی لگنے یا براڈکاسٹر کو نقصان کے ازالے کے مطالبات بھی سامنے آ سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز حکومت پاکستان نے قومی ٹیم کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شرکت کی اجازت دی ہے، تاہم حکومت نے 15 فروری کو بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 کا آغاز 6 فروری سے 8 مارچ تک بھارت اور سری لنکا میں ہو گا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos