فوٹو بشکریہ سوشل میڈیا
فوٹو بشکریہ سوشل میڈیا

نکسر کالج نے دبئی میں ‘ہارورڈHMUN’ کا اعزاز اپنے نام کر لیا

کراچی: نکسر (Nixor) کالج نے بین الاقوامی سطح پر ایک اور سنگ میل عبور کرتے ہوئے ہارورڈ ماڈل یونائیٹڈ نیشنز (HMUN) دبئی کانفرنس میں باوقار ”بیسٹ اسمال ڈیلی گیشن“ کا ایوارڈ اپنے نام کر لیا۔ 13 رکنی طلبا کے وفد کی یہ کامیابی نہ صرف ادارے بلکہ پاکستان کے لیے بھی باعثِ فخر ہے، جو عالمی تعلیمی اور سفارتی فورمز پر ملک کی بڑھتی ہوئی اہمیت کی عکاس ہے۔

ہارورڈ یونیورسٹی کے زیر اہتمام منعقد ہونے والی ایچ ایم یو این (HMUN) دبئی کا شمار دنیا کی مشکل ترین اور مسابقتی ماڈل یونائیٹڈ نیشنز کانفرنسوں میں ہوتا ہے، جس میں دنیا بھر سے بہترین طلبا شرکت کرتے ہیں۔ ’بیسٹ اسمال ڈیلی گیشن‘ کا ایوارڈ ان ٹیموں کے لیے مخصوص ہے جو تمام کمیٹیز میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتی ہیں، جس کے لیے ہر ڈیلیکیٹ کو اعلٰی ترین سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانا پڑتا ہے۔

اجتماعی ایوارڈ کے علاوہ نکسر کالج کے طلبا نے متعدد انفرادی اعزازات بھی حاصل کیے، جن میں ’بیسٹ ڈیلیگیٹ‘، ’آؤٹ اسٹینڈنگ ڈیلیگیٹ‘، ’آنریبل مینشن‘ اور ’ڈپلومیٹک کمنڈیشنز‘ شامل ہیں۔ یہ اعزازات وفد کی بھرپور تیاری، بہترین سفارت کاری اور بین الاقوامی تعلقات پر ان کی گرفت کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔

وفد کی کوچنگ روحان ارشد نے کی، جن کی رہنمائی اور حکمت عملی نے ٹیم کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا۔ طلبا کی قیادت وفد کے کپتانوں ارمان نرسی، باسم سلمان اور مریم علی نے کی، جن کی انتھک محنت اور کوآرڈینیشن نے تمام کمیٹیز میں بہترین کارکردگی کو ممکن بنایا۔

فاتح وفد میں ارمان نرسی، باسم سلمان، مریم علی، عسل خان، ماہ بی بی بلوچ، عمیر مہیسر، لکش کمار، زینا خان، اوین ہارون، زاران شاہ، دائم عماد ریاض، شہیر جونیجو اور شہیر اصغر شامل تھے۔

طلباء اور کوچنگ اسٹاف نے نکسر کالج کے ڈین سر ندیم غنی اور ای سی اے ہیڈ کوچ عریج کا خصوصی شکریہ ادا کیا، جن کی قیادت اور انتظامی تعاون نے ایسا ماحول فراہم کیا جس کی بدولت یہ کامیابی ممکن ہوسکی۔

ایچ ایم یو این دبئی میں یہ فتح نکسر کالج کی تعلیمی فضیلت اور لیڈر شپ کے فروغ کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ یہ پاکستان کے لیے ایک فخر کا لمحہ ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی نوجوان سفارت کاری، مباحثے اور علمی گفتگو میں دنیا کے بہترین طلبا کا مقابلہ کرنے اور ان میں نمایاں مقام حاصل کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔