آسٹریلوی کرکٹر کیمرون گرین اور پاکستانی اسپنر عثمان طارق کے درمیان جاری حالیہ تنازع کا ڈراپ سین ہو گیا ہے۔ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ کے دوران جب کیمرون گرین عثمان طارق کی گیند پر آؤٹ ہوئے، تو انہوں نے پویلین واپس جاتے ہوئے پاکستانی باؤلر کے ایکشن پر اعتراض اٹھایا اور چکنگ کا اشارہ کیا۔ اس رویے پر کرکٹ کے مداحوں اور ماہرین کی جانب سے سخت ردعمل سامنے آیا تھا، تاہم اب عثمان طارق کی نئی انسٹاگرام اسٹوری نے صورتحال واضح کر دی ہے۔ عثمان طارق نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ پر "Apology Accepted” (معافی قبول کر لی گئی) لکھ کر اس بات کی تصدیق کی ہے کہ آسٹریلوی آل راؤنڈر نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے ان سے معذرت کر لی ہے۔
اس سے قبل عثمان طارق نے ایک طنزیہ اسٹوری بھی شیئر کی تھی جس میں روتے ہوئے بچے کی تصویر کے ساتھ "آؤٹ ہونے کے بعد” کا جملہ لکھا تھا، جو کہ بظاہر کیمرون گرین کے ردعمل پر ایک طنز تھا۔ پاکستان ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے بھی اس معاملے پر اپنا موقف دیتے ہوئے کہا تھا کہ کسی کھلاڑی کے ایکشن پر اعتراض کرنا امپائرز اور میچ ریفری کا کام ہے، کھلاڑیوں کا نہیں۔ یاد رہے کہ عثمان طارق کا باؤلنگ ایکشن غیر روایتی ضرور ہے اور ماضی میں پی ایس ایل کے دوران ان کے ایکشن کو دو بار رپورٹ بھی کیا گیا، لیکن بائیو مکینیکل ٹیسٹ کے بعد انہیں کلیئر قرار دیا جا چکا ہے۔ عثمان طارق کے مطابق ان کے بازو میں قدرتی طور پر پیدائشی خم ہے، جسے اکثر لوگ غلطی سے غیر قانونی ایکشن سمجھ بیٹھتے ہیں۔ یہ تنازع ایک ایسے میچ کے بعد سامنے آیا جس میں پاکستان نے آسٹریلیا کو 90 رنز کی بدترین شکست دے کر سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کی تھی۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos