مکہ مکرمہ میں نویں صدی ہجری کا نایاب قرآنی نسخہ نمائش کے لیے پیش

مکہ مکرمہ: حراء ثقافتی محلہ میں واقع قرآن کریم میوزیم میں نویں صدی ہجری سے تعلق رکھنے والا ایک نایاب قرآنی پارہ نمائش کے لیے پیش کر دیا گیا ہے۔ یہ پارہ مصحف شریف کے پچیسویں پارے پر مشتمل ہے اور پندرہویں صدی عیسوی میں تحریر کیا گیا تھا۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق یہ نادر نسخہ بلادِ شام میں نفیس خطِ نسخ میں تحریر کیا گیا ہے، جس پر شاندار زریں آرائش اور باریک نقش و نگار کیے گئے ہیں۔ خاص بات یہ ہے کہ لفظ جلالہ کو سونے کے پانی سے لکھا گیا، جو اسلامی خطاطی میں قرآن کریم کے تقدس کی اعلیٰ مثال ہے۔

یہ تاریخی پارہ قرآن کریم کے پاروں کی ترتیب اور تدوین کی قدیم روایت کی نمائندگی کرتا ہے اور مرکزِ شاہ فیصل برائے تحقیق و اسلامی مطالعات کے ذخیرے سے تعلق رکھتا ہے۔ ثقافتی اشتراک کے تحت اسے قرآن کریم میوزیم میں نمائش کے لیے رکھا گیا ہے تاکہ زائرین کو اسلامی خطاطی اور تذہیب کے اعلیٰ فن سے روشناس کرایا جا سکے۔

قرآن کریم میوزیم مکہ مکرمہ کا پہلا خصوصی میوزیم ہے، جو جدید طرزِ نمائش کے ذریعے قرآن کی تاریخ، کتابت اور تدوین کے مختلف مراحل کو اجاگر کرتا ہے۔ یہ میوزیم جبل النور کے قریب واقع ہے، جہاں وحی کی ابتدائی آیات نازل ہوئیں، اور حراء ثقافتی محلہ کے دینی، تاریخی اور ثقافتی ورثے کو یکجا کرتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔