فلپائن میں خوفناک آتشزدگی،1000 مکانات جل کرخاکستر،ہزاروں افراد بے گھر

 

فلپائن کے جنوبی علاقے میں واقع ایک ساحلی جزیرے میں لگنے والی شدید آگ کے نتیجے میں کم از کم 1000 مکانات مکمل طور پر جل گئے اور ہزاروں افراد بے گھر ہو گئے۔ غیر ملکی خبر رساں اداروں اور سرکاری نیوز ایجنسی PNA کے مطابق یہ آگ منگل کی شب تقریباً 10 بجے بارنگائے لامیون میں بھڑکی، اور تیز ہواؤں کے باعث تیزی سے گنجان آباد علاقے میں پھیل گئی۔

رپورٹس کے مطابق متاثرہ بستی میں مکانات زیادہ تر لکڑی اور ہلکے تعمیراتی مواد سے بنے تھے، جبکہ کچھ پانی پر کھمبوں کے سہارے قائم تھے، جس کی وجہ سے آگ نے انتہائی تیزی سے تباہی مچائی۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شعلے کس طرح پورے جزیرے کو اپنی لپیٹ میں لے رہے ہیں اور لوگ جان بچانے کے لیے زمین اور سمندر کے راستے نقل مکانی پر مجبور ہیں۔

ریسکیو حکام نے 5000 سے زائد افراد کو بحفاظت نکال کر دو عارضی امدادی مراکز میں منتقل کر دیا ہے۔ بونگاؤ کی مقامی انتظامیہ، بنگسامورو وزارتِ سماجی بہبود اور صوبائی حکومت کے تعاون سے فوری امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں، اور متاثرین کو خوراک، پانی اور دیگر بنیادی ضروریات فراہم کی جا رہی ہیں۔

بونگاؤ رورل ہیلتھ یونٹ کی طبی ٹیمیں بھی امدادی مراکز میں تعینات کر دی گئی ہیں تاکہ فوری طبی سہولت فراہم کی جا سکے۔ میونسپل ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن اینڈ مینجمنٹ آفس کے مطابق خوش قسمتی سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، تاہم متعدد لکڑی کے فٹ برج جل گئے، جس کی وجہ سے امدادی کارروائیوں میں مشکلات پیش آئیں۔

فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آگ پر قابو پانے کا اعلان بدھ کی صبح تقریباً 2 بجے کیا گیا۔ حکام نے واقعے کی وجوہات جاننے اور نقصانات کا تخمینہ لگانے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔