ٹی20 ورلڈ کپ کا آج سے آغاز،قومی ٹیم آج نیدرلینڈز کے خلاف میدان میں اترے گی

 

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا باقاعدہ آغاز آج سے ہو رہا ہے، جس میں افتتاحی مقابلے سمیت پہلے دن مجموعی طور پر تین میچز کھیلے جائیں گے۔ میگا ایونٹ میں 20 ٹیموں کو چار گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔

پاکستانی ٹیم گروپ اے میں شامل ہے اور اپنا پہلا میچ نیدرلینڈز کے خلاف کھیلے گی۔ یہ مقابلہ پاکستانی وقت کے مطابق صبح 10 بج کر 30 منٹ پر شروع ہوگا۔ میچ سے قبل قومی ٹیم نے کولمبو میں بھرپور تیاری کی، جہاں کھلاڑیوں نے بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کی مشقیں کیں۔

میچ کے دوران موسم بھی خبروں میں ہے، کیونکہ بارش کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے جس سے کھیل متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ آج کے دیگر میچز میں ویسٹ انڈیز اور اسکاٹ لینڈ آمنے سامنے ہوں گے جبکہ بھارت کی ٹیم امریکا کے خلاف میدان میں اترے گی۔

پاکستان ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا کا کہنا ہے کہ وہ نمبر تین پر ہی بیٹنگ جاری رکھیں گے اور فی الحال ٹیم کمبی نیشن میں تبدیلی کی ضرورت محسوس نہیں ہو رہی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہدف تمام میچز میں کامیابی حاصل کرنا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں کپتان نے واضح کیا کہ ٹیم میں وہی کھلاڑی شامل ہوگا جو بہترین فارم میں ہوگا، چاہے وہ فخر زمان ہوں یا بابر اعظم۔

دوسری جانب نیدرلینڈز کے بیٹر میکس اوڈاوڈ کا کہنا ہے کہ پاکستان ایک مضبوط ٹیم ہے اور اس کے خلاف کامیابی حاصل کرنا آسان نہیں ہوگا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔