پاکستان نے نیدرلینڈز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3 وکٹ سے شکست دے دی

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں پاکستان نے نیدرلینڈز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3 وکٹ سے شکست دے دی۔ 148 رنز کے ہدف کا تعاقب قومی ٹیم نے آخری اوور میں مکمل کیا، جہاں فہیم اشرف کی جارحانہ بیٹنگ نے میچ کا رخ پاکستان کے حق میں موڑ دیا

 

کولمبو میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔ نیدرلینڈز کی بیٹنگ کا آغاز محتاط رہا تاہم ابتدائی اوورز میں پاکستانی بولرز نے دباؤ برقرار رکھا۔ نیدرلینڈز کی پہلی وکٹ 28 رنز پر گری جبکہ وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کے باعث ٹیم بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہی۔

نیدرلینڈز نے مقررہ اوورز میں 147 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے سلمان مرزا نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ محمد نواز اور ابرار احمد نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ شاہین آفریدی نے ایک وکٹ اپنے نام کی۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستان کو صائم ایوب اور صاحبزادہ فرحان نے تیز آغاز فراہم کیا، تاہم درمیانی اوورز میں وکٹیں گرنے سے میچ سنسنی خیز ہو گیا۔ صاحبزادہ فرحان نے 47 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، جبکہ دیگر بیٹرز زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکے۔

آخری لمحات میں فہیم اشرف نے ذمہ دارانہ اور جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کو فتح دلائی اور ٹیم نے آخری اوور میں مطلوبہ ہدف حاصل کر لیا۔

اس کامیابی کے ساتھ پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا آغاز فتح سے کیا، جبکہ شائقین کرکٹ نے سنسنی خیز مقابلے سے بھرپور لطف اٹھایا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔