اطالوی صدر سرجیو ماتاریلا نے 25ویں سرمائی اولمپک گیمز کے آغاز کا باضابطہ اعلان کر دیا۔2026 کے سرمائی اولمپکس کی افتتاحی تقریب ایک منفرد انداز میں منعقد کی گئی، جس میں پہلی بار افتتاحی تقریب اور کھلاڑیوں کی پریڈ چار مختلف مقامات پر ہوئی۔تاس کے مطابق افتتاحی سرگرمیاں میلان کے سان سیرو اولمپک اسٹیڈیم کے علاوہ لیوینیو، پریڈازو اور کورٹینا کے اولمپک مقامات پر منعقد کی گئیں، جسے اولمپک تاریخ کا ایک منفرد واقعہ قرار دیا جا رہا ہے۔
ان کھیلوں میں روس اور بیلاروس کے کھلاڑیوں کو غیر جانبدار حیثیت کے تحت شرکت کی اجازت دی گئی ہے۔ اس فیصلے کے تحت کھلاڑی اپنے قومی پرچم اور ترانے کے بغیر مقابلوں میں حصہ لے رہے ہیں۔روس کے 13 کھلاڑی غیر جانبدار حیثیت میں فگر اسکیٹنگ، اسپیڈ اسکیٹنگ، شارٹ ٹریک، فری اسٹائل اسکیئنگ، کراس کنٹری اسکیئنگ، الپائن اسکیئنگ، لوج اور اسکی مانٹینئرنگ کے مقابلوں میں حصہ لے رہے ہیں۔
2026 کے سرمائی اولمپک گیمز 22فروری 2026 تک جاری رہیں گے۔ ان کی میزبانی اٹلی کے دو مرکزی شہروں میلان اور کورٹینا ڈی امپیٹزو کو حاصل ہے، تاہم مقابلے صرف انہی شہروں تک محدود نہیں ہوں گے۔ اس کے علاوہ بورمیو، لیوگینو، پریڈازو، وال دی فیمے اور ویلتلینا جیسے علاقوں میں بھی مختلف مقابلے منعقد کیے جائیں گے۔ یہ اولمپکس جغرافیائی اعتبار سے اب تک کے سب سے زیادہ علاقوں میں پھیلے ہوئے سرمائی کھیل تصور کیے جا رہے ہیں۔
کھیلوں میں دنیا کے90 سے زائد ممالک سے آنے والے لگ بھگ 3 ہزار ایتھلیٹ شرکت کریں گے، جو 16 مختلف کھیلوں میں 100 سے زائد میڈل ایونٹس میں حصہ لیں گے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos