نائیجیریا کی گلوکارہ افنانیا نوانگین سانپ کے ڈسنے سے جاں بحق

ابوجا: نائیجیریا کے دارالحکومت ابوجا میں ابھرتی ہوئی گلوکارہ افنانیا نوانگین سانپ کے ڈسنے کے نتیجے میں انتقال کر گئیں، جس کے بعد ملک بھر میں نظامِ صحت پر شدید تنقید اور غصے کی لہر پیدا ہو گئی ہے۔

26 سالہ نوانگین دی وائس نائیجیریا میں ریحانا کے گانے "ٹیک اے بو” کی پرفارمنس کے بعد مقبول ہوئی تھیں۔ واقعے کے مطابق وہ اپنے گھر میں سوتے ہوئے کوبرا کے ڈسنے کا شکار ہوئیں۔ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سانپ پکڑنے والے نے اپارٹمنٹ سے دو سانپ نکالے۔

قریبی دوست پاسکل نوورگو کے مطابق اینٹی وینم کی کمی کے باعث انہیں فیڈرل میڈیکل سینٹر جابی منتقل کیا گیا، لیکن پہنچنے تک ان کی حالت تشویشناک ہو چکی تھی۔ ہسپتال کے ایک اہلکار کے مطابق انہیں ابتدائی اینٹی وینم تو فراہم کیا گیا، تاہم شدید اعصابی پیچیدگیوں کے باعث نوانگین کا انتقال ہوگیا۔

افریقہ میں اینٹی وینم کی کمی ایک بڑا مسئلہ ہے، اور عالمی ادارہ صحت کے مطابق ہر سال تقریباً 50 لاکھ افراد کو سانپ ڈستے ہیں جن میں ایک لاکھ کے قریب افراد جان کی بازی ہار جاتے ہیں۔ نائیجیریا میں نوانگین کی موت کے بعد صحت کے نظام پر تنقید زور پکڑ گئی ہے اور حکومت کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔