سوڈان میں ریپڈ سپورٹ فورسز کا ڈرون حملہ،24 افراد ہلاک

خرطوم: وسطی سوڈان میں ریپڈ سپورٹ فورسز نے ایک ڈرون حملے میں بے گھر خاندانوں کو لے جانے والی گاڑی کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں کم از کم 24 افراد ہلاک ہو گئے، جن میں 8 بچے بھی شامل ہیں۔

سوڈان ڈاکٹرز نیٹ ورک کے مطابق یہ حملہ شمالی کردفان کے شہر الراھد کے قریب ہوا، اور یہ گاڑی ڈبیکر کے علاقے سے نکلنے والے بے گھر افراد کو لے جا رہی تھی۔ ہلاک ہونے والوں میں دو شیر خوار بچے بھی شامل ہیں، جبکہ متعدد افراد زخمی ہو کر ہسپتال منتقل کیے گئے۔ الراھد میں طبی سہولیات کی شدید کمی کے باعث زخمیوں کا علاج مشکل ہو رہا ہے۔

ڈاکٹرز نیٹ ورک نے بین الاقوامی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ شہریوں کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کریں اور ریپڈ سپورٹ فورسز کی قیادت کو ان حملوں کے لیے جوابدہ ٹھہرائیں۔

ریپڈ سپورٹ فورسز کی جانب سے ابھی تک اس واقعے پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا، یہ فورس تقریباً تین سال سے سوڈانی فوج کے خلاف ملک کے کنٹرول کے لیے لڑ رہی ہے۔ یاد رہے کہ اپریل 2023 میں سوڈان میں فوج اور ریپڈ سپورٹ فورسز کے درمیان جھڑپوں کے نتیجے میں دسیوں ہزار افراد ہلاک اور لاکھوں بے گھر ہو چکے ہیں۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔