دبئی: روس کا کہنا ہے کہ اعلیٰ روسی فوجی انٹیلی جنس افسر ولادیمیر الیکسیف کو گولی مار کر زخمی کرنے کے شبے میں ایک روسی شہری کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ روسی سیکیورٹی سروس ایف ایس بی کے مطابق مشتبہ شخص اتوار کو حراست میں لیا گیا۔
ایف ایس بی کے بیان کے مطابق 60 برس کے قریب عمر کا یہ شخص واقعے کے بعد متحدہ عرب امارات فرار ہو گیا تھا، جہاں اسے دبئی میں گرفتار کر کے روس کے حوالے کر دیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ ایک مبینہ ساتھی کو ماسکو میں گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ ایک اور مشتبہ شخص یوکرین فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
روسی میڈیا کے مطابق جمعے کے روز ماسکو کے ایک اپارٹمنٹ میں روس کی فوجی انٹیلی جنس ایجنسی جی آر یو کے نائب سربراہ ولادیمیر الیکسیف کو گولی ماری گئی، جس کے بعد انہیں اسپتال منتقل کیا گیا۔ ان کی حالت کے بارے میں مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
واضح رہے کہ فروری 2022 میں یوکرین کے خلاف روس کی مکمل فوجی کارروائی کے آغاز کے بعد سے روس اور ماسکو کے زیرِ کنٹرول یوکرینی علاقوں میں کئی اعلیٰ فوجی عہدیداروں کو قتل یا حملوں کا نشانہ بنایا جا چکا ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos