پی سی بی اور آئی سی سی کا اجلاس ختم،پاکستان نے تحفظات کھل کر پیش کردیے

 

پاکستان کرکٹ بورڈ اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے درمیان ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے متعلق اہم معاملات پر ہونے والا طویل اجلاس اختتام پذیر ہو گیا، جس میں پاکستان نے اپنے تحفظات اور مؤقف کو واضح انداز میں پیش کیا۔

ذرائع کے مطابق لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں پی سی بی، آئی سی سی اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے حکام کے درمیان ہونے والی ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی۔ اجلاس میں مختلف امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا، جس کے بعد آئی سی سی کے نمائندے عمران خواجہ اجلاس کی مکمل رپورٹ آئی سی سی حکام کو پیش کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے اجلاس کے دوران دلائل کے ساتھ اپنے تحفظات اور موقف کھل کر بیان کیے۔ آئی سی سی کے ڈپٹی چیئرمین نے بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کے فیصلے پر نظرثانی کی تجویز دی اور مؤقف اختیار کیا کہ کرکٹ کے وسیع تر مفاد میں پاکستان کو بھارت کے ساتھ میچ کھیلنا چاہیے۔

اجلاس میں عمران خواجہ نے بعض نکات پر پاکستان اور بنگلہ دیش کے مؤقف کی حمایت بھی کی اور دونوں بورڈز کے تحفظات کے حل کے لیے کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ ذرائع کے مطابق عمران خواجہ کی رپورٹ کی روشنی میں آئی سی سی ایک سے دو روز میں پاکستانی شرائط اور تجاویز پر اپنا جواب پی سی بی کو ارسال کرے گا۔

ادھر آئندہ مرحلے میں چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی وزیراعظم شہباز شریف کو اجلاس میں زیر بحث آنے والے معاملات پر تفصیلی بریفنگ دیں گے۔ پی سی بی سربراہ نے اجلاس کے دوران اس بات پر زور دیا کہ اس معاملے پر حتمی فیصلہ حکومت پاکستان ہی کرے گی۔

واضح رہے کہ بنگلہ دیش نے سکیورٹی خدشات اور انتہاپسند عناصر کی دھمکیوں کے باعث اپنے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچز بھارت کے بجائے سری لنکا میں کرانے کی درخواست کی تھی، تاہم آئی سی سی نے یہ درخواست مسترد کرتے ہوئے بنگلہ دیش کو ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا تھا، جس کے بعد اس کی جگہ اسکاٹ لینڈ کو شامل کیا گیا۔

اس فیصلے کے خلاف پاکستان نے بنگلہ دیش کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے سخت احتجاج ریکارڈ کرایا اور بطور احتجاج 15 فروری کو بھارت کے خلاف گروپ میچ کے بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔