اسلام آباد: ضلعی انتظامیہ نے فیصلہ کیا ہے کہ اب شہر میں بغیر رجسٹریشن کے چلنے والی تمام ٹیکسی اور بائکیا سروسز کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
ضلعی انتظامیہ نے آن لائن ٹیکسی سروسز کی باضابطہ رجسٹریشن کا حکم دیا ہے، جس کے تحت تمام ڈرائیورز اور گاڑیوں کی معلومات جمع کی جائیں گی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ایسٹ کو تمام ٹیکسی سروسز کے سی ای اوز سے رابطہ کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔
سیکرٹری اسلام آباد ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے غیر رجسٹرڈ بائکیا چلانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرنے کی ہدایت دی ہے۔ ڈی سی اسلام آباد نے کہا ہے کہ تمام غیر رجسٹرڈ گاڑیوں اور بائکیا کی رجسٹریشن ڈیجیٹل آٹومیشن کے تحت کی جائے گی اور رجسٹریشن ایپ پر پولیس کو بھی تمام ڈیٹا تک رسائی حاصل ہوگی۔
ڈی سی اسلام آباد کے مطابق رجسٹریشن کے بعد ڈرائیور کے لیے مسافروں کی تفصیلات ایپ پر اپلوڈ کرنا لازمی ہوگی اور مسافر کے شناختی کارڈ نمبر کے اندراج کے بغیر سواری لینے کی اجازت نہیں ہوگی۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق باضابطہ رجسٹریشن کا عمل کل سے شروع کیا جائے گا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos