سعودی عرب میں 11 ہزار سے زائد غیرقانونی تارکین ملک بدر

ریاض: سعودی عرب میں ایک ہفتے کے دوران اقامہ، لیبر اور سرحدی قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں، جس کے نتیجے میں 11 ہزار 656 غیرقانونی تارکین وطن کو ملک بدر کر دیا گیا۔

سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق 29 جنوری سے 4 فروری 2026 کے دوران مجموعی طور پر 20 ہزار 237 خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئیں۔ ان میں 12 ہزار 687 اقامہ قوانین، 4 ہزار 318 غیرقانونی طور پر سرحد عبور کرنے کی کوششیں اور 3 ہزار 232 لیبر قوانین کی خلاف ورزیاں شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق غیرقانونی طور پر مملکت میں داخل ہونے کی کوشش پر ایک ہزار 555 افراد کو حراست میں لیا گیا، جن میں 57 فیصد کا تعلق ایتھوپیا، 40 فیصد کا یمن جبکہ 3 فیصد دیگر ممالک سے تھا۔

حکام نے 61 ایسے افراد کو بھی گرفتار کیا جو غیرقانونی طور پر سرحد عبور کر کے ہمسایہ ممالک میں جانے کی کوشش کر رہے تھے۔ اس کے علاوہ غیرقانونی تارکین کو سفر، رہائش، روزگار یا پناہ فراہم کرنے کے الزام میں 32 افراد کو بھی حراست میں لیا گیا۔

سعودی حکام کے مطابق مملکت میں غیرقانونی تارکین کو کسی بھی قسم کی سہولت فراہم کرنا قابلِ سزا جرم ہے۔ وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ ایسے افراد کو 15 سال تک قید، 10 لاکھ ریال تک جرمانہ اور استعمال شدہ گاڑی و جائیداد ضبط کیے جانے کی سزا دی جا سکتی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔