ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ،پاک بھارت میچ پر فیصلہ 12 فروری کو متوقع

لاہور: آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ سے متعلق حتمی فیصلہ 12 فروری کو ہونے کا امکان ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پاکستان کو 9 فروری تک ڈیڈ لائن دی تھی، تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ آج اس معاملے پر کسی پیش رفت کا امکان نہیں اور فیصلہ چند روز میں متوقع ہے۔

دوسری جانب چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کی آج وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات متوقع ہے، جس میں وہ انہیں گزشتہ روز ہونے والے مذاکرات سے آگاہ کریں گے اور آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے رہنمائی حاصل کریں گے۔

ذرائع کے مطابق پاک بھارت میچ کھیلنے یا نہ کھیلنے سے متعلق حتمی فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف کی منظوری سے کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز انٹرنیشنل کرکٹ کونسل، پاکستان کرکٹ بورڈ اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے درمیان ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف میچ کے بائیکاٹ سے متعلق مذاکرات ہوئے تھے۔ مذاکرات کے دوران پاک بھارت میچ اور خطے میں کرکٹ کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق آئی سی سی کا وفد بھارت کے خلاف میچ کھیلنے کی درخواست کے ساتھ لاہور آیا تھا اور اس سلسلے میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے ملاقات کی گئی۔

واضح رہے کہ حکومتِ پاکستان کی ہدایت پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت تو کی ہے تاہم بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کا مؤقف اختیار کیا گیا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔