تہران: ایران نے کہا ہے کہ اگر اس پر عائد تمام پابندیاں مکمل طور پر ختم کر دی جائیں تو وہ اپنے انتہائی افزودہ یورینیم کو کم درجے تک لانے کے لیے تیار ہے۔
یہ بیان ایران کے ایٹمی توانائی ادارے کے سربراہ محمد اسلامی نے امریکا کے ساتھ دوبارہ شروع ہونے والے مذاکرات کے بعد دیا۔ سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا کے مطابق محمد اسلامی سے 60 فیصد افزودہ یورینیم کو dilute کرنے کے امکان سے متعلق سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ یہ سب اس بات پر منحصر ہے کہ بدلے میں تمام پابندیاں اٹھائی جاتی ہیں یا نہیں، تاہم یہ واضح نہیں کیا گیا کہ آیا اس سے مراد صرف امریکی پابندیاں ہیں یا ایران پر عائد تمام بین الاقوامی پابندیاں ہیں۔
یورینیم کو dilute کرنے کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ اسے دوسرے مواد کے ساتھ ملا کر اس کی افزودگی کی سطح کم کر دی جائے تاکہ وہ مقررہ حد سے زیادہ نہ رہے۔ گزشتہ سال جون میں امریکا اور اسرائیل کے ایرانی جوہری تنصیبات پر حملوں سے قبل ایران یورینیم کو 60 فیصد تک افزودہ کر رہا تھا، جو 2015 میں عالمی طاقتوں کے ساتھ طے پانے والے جوہری معاہدے میں مقرر کردہ 3.67 فیصد کی حد سے کہیں زیادہ ہے۔ وہ معاہدہ اب عملی طور پر ختم ہو چکا ہے۔
مغربی ممالک، خصوصاً امریکا، کا الزام ہے کہ ایران جوہری ہتھیار بنانے کی کوشش کر رہا ہے، تاہم تہران اس کی تردید کرتا رہا ہے۔ اقوام متحدہ کے جوہری نگران ادارے کے مطابق ایران واحد ایسا غیر جوہری ہتھیار رکھنے والا ملک ہے جو 60 فیصد تک یورینیم افزودہ کر رہا ہے۔ اس کے علاوہ یہ بھی واضح نہیں ہو سکا کہ جنگ سے قبل ایران کے پاس موجود 400 کلوگرام سے زائد انتہائی افزودہ یورینیم کہاں گیا، کیونکہ اقوام متحدہ کے معائنہ کاروں نے آخری بار 10 جون کو اس کے مقام کا ریکارڈ درج کیا تھا۔
ماہرین کے مطابق اگر اس ذخیرے کو 90 فیصد تک افزودہ کر لیا جائے تو اس سے نو سے زائد جوہری بم تیار کیے جا سکتے ہیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بارہا اس بات پر زور دے چکے ہیں کہ ایران پر یورینیم افزودگی پر مکمل پابندی عائد ہونی چاہیے، تاہم یہ شرط ایران کے لیے ناقابل قبول ہے اور 2015 کے جوہری معاہدے کے مقابلے میں کہیں زیادہ سخت ہے۔
ایران کا مؤقف ہے کہ جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے کے تحت، جس پر وہ اور دنیا کے 190 سے زائد ممالک دستخط کر چکے ہیں، اسے پُرامن مقاصد کے لیے سول نیوکلیئر پروگرام رکھنے کا حق حاصل ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos