ٹی20 ورلڈ کپ 2026 میں پاکستان اور بھارت کے درمیان شیڈول ہائی وولٹیج میچ کے اعلان کے بعد کولمبو جانے والی پروازوں کے کرایوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ 15 فروری کو سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو کے آر پریماڈاسا اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
میچ کی تاریخ سامنے آتے ہی بھارت کے مختلف شہروں سے کولمبو کے لیے فضائی ٹکٹوں کی قیمتیں کئی گنا بڑھ گئی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق بعض روٹس پر کرایوں میں تین گنا تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ متحدہ عرب امارات سے سری لنکا جانے والی پروازوں کے کرائے بھی معمول کے مقابلے میں خاصے زیادہ ہو گئے ہیں۔
ممبئی سے کولمبو کے لیے براہِ راست اکانومی کلاس ٹکٹ، جو عام دنوں میں نسبتاً کم قیمت پر دستیاب ہوتے ہیں، میچ کے دنوں میں نمایاں طور پر مہنگے ہو چکے ہیں۔ اسی طرح دہلی سے آنے جانے والی پروازوں کے کرایوں میں بھی اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جبکہ جنوبی بھارتی شہروں جیسے چنئی، بنگلورو اور حیدرآباد سے بھی ٹکٹوں کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں۔
ایوی ایشن ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک بھارت مقابلوں کے دوران شائقین کی غیر معمولی دلچسپی کے باعث طلب میں اضافہ ہو جاتا ہے، جس کے نتیجے میں ایئر لائنز کرایوں میں ردوبدل کرتی ہیں۔ ماہرین کے مطابق میچ کی تاریخ کے قریب آتے ہی ٹکٹوں کی قیمتوں میں مزید اتار چڑھاؤ بھی متوقع ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ مقابلے دنیا بھر میں غیر معمولی توجہ حاصل کرتے ہیں اور بڑی تعداد میں شائقین میزبان شہر کا رخ کرتے ہیں، جس سے سفری اور رہائشی اخراجات پر بھی اثر پڑتا ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos