پاکستان کے مسٹری اسپنر عثمان طارق کے بولنگ ایکشن پر تنقید کرنے والے بھارتی کرکٹر شری واستو گوسوامی کو سابق بھارتی اسپنر روی چندرن ایشون نے کرارا جواب دے کر خاموش کرا دیا۔
واقعہ سوشل میڈیا پر اس وقت سامنے آیا جب شری واستو گوسوامی نے عثمان طارق کی امریکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے میچ کے دوران بولنگ کا ایک کلپ شیئر کیا۔ گوسوامی نے ویڈیو کے ساتھ کیپشن میں لکھا کہ فٹبال میں کھلاڑیوں کو پنالٹی کک کے دوران روک کر کک مارنے کی اجازت نہیں ہوتی اور بولر کا ایکشن بھی بہت زیادہ ہے۔
اس پر سابق بھارتی اسپنر روی چندرن ایشون نے جواب دیا کہ بولنگ ایکشن کے بارے میں صرف آئی سی سی کے ٹیسٹنگ سینٹر سے پتہ لگایا جا سکتا ہے اور قوانین کے مطابق 15 ڈگری تک ایکشن لیگل ہے۔ انہوں نے کہا کہ بولر کے رکنے (pause) کے دوران گیند پھینکنے کا عمل آئی سی سی کے قوانین کے تحت بالکل جائز ہے۔
ایشون نے مزید کہا کہ بیٹر کو تو بغیر امپائر سے اطلاع دیے ہاتھ بدلنے یا ریورس شاٹ کھیلنے کی اجازت ہے، تو صرف بولر کو پابندیاں کیوں لگائی جائیں؟ انہوں نے واضح کیا کہ قوانین میں سب سے پہلے یہ رول تبدیل ہونا چاہیے۔
گزشتہ روز امریکا کے خلاف میچ میں عثمان طارق نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جس نے پاکستانی ٹیم کو اہم کامیابی دلوائی۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos