ڈھاکہ: بنگلادیش کے الیکشن کمشنر بریگیڈئیر (ر) ابوالفضل محمد ثنا اللہ نے ملک میں انتخابات کے حوالے سے اہم معلومات فراہم کی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اس سال انتخابات میں 10 نئی سیاسی جماعتیں ابھر کر سامنے آئی ہیں جبکہ ووٹر لسٹ میں 45 لاکھ نئے ووٹر شامل ہیں۔
پریس بریفنگ میں ابوالفضل محمد ثنا اللہ نے بتایا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مدد سے ملک بھر میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ اس سال انتخابات میں 60 رجسٹرڈ جماعتوں میں سے 50 سیاسی جماعتیں حصہ لے رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پرانی ووٹر لسٹ میں شامل 20 لاکھ افراد وفات پا چکے تھے، اس کے علاوہ امیدواروں کو حلقے میں فی ووٹر 10 ٹکا کے حساب سے اخراجات کرنے کی اجازت ہے۔ مثال کے طور پر، اگر کسی حلقے میں 3 لاکھ ووٹرز ہیں تو امیدوار زیادہ سے زیادہ 30 لاکھ ٹکا خرچ کر سکتے ہیں۔
الیکشن کمشنر نے وضاحت کی کہ ڈھائی لاکھ سے کم ووٹرز والے حلقوں میں بھی اخراجات کی بالائی حد 25 لاکھ ٹکا مقرر ہے۔ انتخابی اخراجات کی حد کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی کی جا سکتی ہے، اور تمام امیدواروں کو شفاف اور مقررہ حدود کے اندر انتخابی مہم چلانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos