فائل فوٹو
فائل فوٹو

ٹی 20 ورلڈکپ کا سنسنی خیز میچ: دوسرے سپر اوور میں افغانستان کو شکست

احمد آباد: ٹی 20 ورلڈکپ کے 13 ویں میچ کے دوسرے سپر اوور میں جنوبی افریقہ نے افغانستان کو شکست دے دی۔

بھارت کے شہر احمد آباد کے نریندر مودی سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقہ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 187 رنز بنائے، رائن ریکلٹن 61 اور کوئنٹن ڈی کوک 59 رنز بناکر نمایاں رہے، دونوں نے دوسری وکٹ کے لیے 114 رنز کی شراکت قائم کی۔

افغانستان کی جانب سے عظمت اللہ عمرزئی نے 3، کپتان راشد خان نے 2 اور فضل الحق فاروقی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

افغانستان کی جانب سے اننگز کا آغاز رحمان اللہ گرباز اور ابراہیم زدران نے کیا، ایک موقع پر میچ میں افغانستان کی پوزیشن مضبوط ہوتی دکھائی دی تاہم 13 گیندوں پر 5 کھلاڑی آؤٹ ہونے کے باعث پوری افغان ٹیم 20 ویں اوور میں 187 رنزپر آؤٹ ہوگئی جس سے میچ  ٹائی ہوگیا اور میچ سپر اوور میں چلا گیا۔

پہلے سپر اوور میں افغانستان نے پہلے کھیلتے ہوئے 17 رنز بنائے جو کہ جنوبی افریقہ کی ٹیم نے آخری گیند پر چھکا لگا کر میچ پھر ٹائی کر دیا۔

دوسرے سپر اوور میں جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 23 رنز سکور کئے، 24 رنز کے ہدف کے تعاقب میں افغانستان کی ٹیم 19 رنز پر آؤٹ ہوگئی اور میچ پروٹیز نے جیت لیا۔

افغانستان کی جانب سے رحمان اللہ گرباز نے 7 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 42 گیندوں پر 87 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی جبکہ عظمت اللہ عمر زئی 22 اور راشد خان 20 رنز بنا سکے، جنوبی افریقا کی جانب سے لنگی نگیڈی نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔

قبل ازیں ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے افغانستان کے کپتان راشد خان کا کہنا تھا کہ جیتنے کیلئے مشترکہ طور پر محنت کرنا ہوگی، ہمیں پاور پلے میں بیٹنگ اور مڈل اوورز میں اپنی باؤلنگ بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔