کولمبو: ٹی 20 ورلڈ کپ کے 14ویں میچ میں آسٹریلیا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آئرلینڈ کو بآسانی 67 رنز سے شکست دے دی۔
کولمبو میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا کے 183 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آئرلینڈ کی پوری ٹیم 16.5 اوورز میں 115 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ آئرلینڈ کی جانب سے جارج ڈوک ریل کے 41 رنز رائیگاں گئے جبکہ لورکن ٹکر 21 رنز بنا سکے۔ کپتان پال اسٹرلنگ صرف ایک رن بنا کر ریٹائرڈ ہرٹ ہوگئے۔
آسٹریلیا کی جانب سے نیتھن ایلس اور ایڈم زمپا نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے چار، چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ میتھیو کھونیمن نے ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز اسکور کیے اور آئرلینڈ کو جیت کے لیے 183 رنز کا ہدف دیا۔ مارکوس اسٹونس نے 29 گیندوں پر 45 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جبکہ میٹ رینشا اور جوش انگلس نے 37، 37 رنز بنا کر ٹیم کے اسکور میں اہم اضافہ کیا۔ کیمرون گرین 21 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ گلین میکسویل 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
اوپنر ٹریوس ہیڈ 6 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے جبکہ کوپر کونولی 11 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
آئرلینڈ کی جانب سے مارک ادائر نے دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ جارج ڈوک ریل اور ہیری ٹیکٹر نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos