جکارتا: انڈونیشیا کے دور افتادہ مشرقی علاقے ساؤتھ پاپوا میں 13 مسافروں کو لے کر پہنچنے والے ایک کمرشل طیارے پر فائرنگ سے 2پائلٹ ہلاک ہو گئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چھوٹا کمرشل طیارہ تاناہ مِراہ سے روانہ ہوا تھا اور رن وے پر لینڈنگ کر رہا تھا کہ مسلح افراد نے دھاوا بول دیا۔
مسلح افراد نے مسافر بردار طیارے پر متعدد گولیاں برسائیں جو طیارے کو چیرتے ہوئے اندر تک داخل ہوگئیں۔
حالات کی نزاکت کو سمجھتے ہوئے پائلٹس نے مسافروں کو قریبی جنگل کی طرف بھاگنے کا راستہ دکھایا لیکن اس دوران خود گولیوں کا نشانہ بن گئے۔
دونوں پائلٹس کو حملہ آوروں نے گھیراؤ میں لے لیا تھا اور فائرنگ کرکے ہلاک کردیا تاہم تمام مسافر اپنی جانیں بچانے میں کامیاب رہے۔
تاحال کسی گروپ نے ذمہ داری قبول نہیں کی۔ تفتیش جاری ہے۔ حملہ آوروں کی شناخت بھی نہیں ہوسکی اور نہ ہی واقعہ کے محرک کا علم ہوسکا ہے۔
یاد رہے کہ انڈونیشیا کے اس علاقے میں علیحدگی پسند حکومت مخلاف مسلح کارروائیوں میں ملوث رہے ہیں۔
یاد رہے کہ وسائل سے مالا مال پاپوا خطے میں 1969 میں اقوام متحدہ کی نگرانی میں ہونے والے متنازع ریفرنڈم کے بعد سے انڈونیشی سکیورٹی فورسز اور علیحدگی پسند گروہوں کے درمیان کم شدت مگر مہلک جھڑپیں جاری رہی ہیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos