پاکستان اور بھارت آج کولمبو میں آمنے سامنے ہوں گے

February 15, 2026 · اسپورٹس, اہم خبریں

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے سب سے بڑے مقابلے کا انتظار ختم ہونے کو ہے، پاکستان اور بھارت آج کولمبو میں آمنے سامنے ہوں گے۔

روایتی حریفوں کے درمیان میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 6 بجے شروع ہوگا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق میچ کے دوران بادل چھائے رہنے اور ہلکی بارش کا امکان ہے، جس سے مقابلے میں سنسنی مزید بڑھ سکتی ہے۔

بھارتی ٹیم اپنی مضبوط بیٹنگ لائن اپ کے ساتھ میدان میں اترے گی جبکہ قومی ٹیم اپنی تیز رفتار بولنگ اٹیک پر انحصار کرے گی۔ کولمبو کا میدان آج بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ تینوں شعبوں میں مہارت، اعصاب کے کنٹرول اور حکمت عملی کا امتحان لے گا۔

گرین شرٹس نے ہلکی بوندا باندی کے باوجود بھرپور ٹریننگ سیشن کیا اور فیلڈنگ، بولنگ اور بیٹنگ پر خصوصی توجہ دی۔ دوسری جانب بھارتی اسکواڈ نے بھی پریکٹس کی، جہاں پاکستانی اسپنر عثمان طارق کے انداز کی تیاری کے لیے نیٹس میں خصوصی حکمت عملی اپنائی گئی، تاہم بارش کے باعث ان کی مشق مکمل نہ ہو سکی۔

دونوں ٹیمیں ایونٹ میں اب تک دو، دو میچز کھیل چکی ہیں اور دونوں نے کامیابی حاصل کی ہے۔ آج کے میچ کی فاتح ٹیم گروپ میں پہلی پوزیشن حاصل کر لے گی۔

اگر ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تاریخ پر نظر ڈالی جائے تو ریکارڈ کے اعتبار سے بھارت کرکٹ ٹیم کو پاکستان کرکٹ ٹیم پر برتری حاصل ہے۔ اس فارمیٹ کے عالمی مقابلوں میں دونوں کے درمیان اب تک 8 میچز ہو چکے ہیں جن میں سے 7 بھارت نے جیتے جبکہ پاکستان کو ایک کامیابی نصیب ہوئی۔