افغانستان نے متحدہ عرب امارات کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی
دہلی: آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے 28ویں میچ میں افغانستان نے متحدہ عرب امارات کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔
دہلی کے ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے مقابلے میں افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ متحدہ عرب امارات نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز بنائے۔ شعیب خان 68 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ علیشان شرفو نے 40 رنز اسکور کیے۔
افغانستان کی جانب سے عظمت اللہ عمرزئی نے شاندار گیند بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، مجیب الرحمٰن نے 2 جبکہ کپتان راشد خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔
161 رنز کے ہدف کے تعاقب میں افغانستان کو ابتدائی نقصان اٹھانا پڑا، تاہم ابراہیم زدران نے 53 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر ٹیم کو سنبھالا دیا۔ عظمت اللہ عمرزئی نے 21 گیندوں پر 40 رنز بنا کر ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا۔
افغانستان نے مطلوبہ ہدف آخری اوور میں حاصل کر کے اہم کامیابی اپنے نام کی۔