کراچی: فائر سیفٹی انتظامات کا فقدان، ضلع وسطی کی معروف ‘سرینا موبائل مارکیٹ’ سیل
کراچی:ضلع وسطی کی معروف اور قدیم سرینا موبائل مارکیٹ کو ضلعی انتظامیہ اور سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (SBCA) نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے سیل کر دیا۔ انتظامیہ کے مطابق مارکیٹ میں آگ بجھانے کے انتظامات اور فائر سیفٹی آلات کے فقدان پر یہ قدم اٹھایا گیا ہے، جبکہ دکانداروں نے اس کارروائی کو بلاجواز قرار دیتے ہوئے شدید احتجاج کیا ہے۔
سرکاری نوٹس کے مطابق حالیہ دنوں میں شہر کی بلند و بالا عمارتوں اور تجارتی مراکز میں آتشزدگی کے بڑھتے ہوئے واقعات کے پیشِ نظر تمام مارکیٹوں کا سیفٹی آڈٹ کیا جا رہا ہے۔ حکام کا دعویٰ ہے کہ سرینا موبائل مارکیٹ کو پہلے بھی متعدد بار نوٹسز جاری کیے۔

دوسری جانب مارکیٹ کے دکانداروں اور تاجر رہنماؤں نے انتظامیہ کے اس دعوے کو مسترد کر دیا ہے۔ تاجروں کا کہنا ہے کہ گل پلازہ کے المناک واقعے کے فوراً بعد مارکیٹ انتظامیہ نے اپنی مدد آپ کے تحت تمام ضروری حفاظتی آلات خرید کر نصب کر دیے تھے۔
دکانداروں کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں آگ بجھانے والے سلنڈرز اور دیگر حفاظتی سامان مکمل حالت میں موجود ہے، جس کا معائنہ کسی بھی وقت کیا جا سکتا ہے۔
انھوں نے کہاکہ انتظامیہ نے بغیر کسی حتمی وارننگ کے اچانک مارکیٹ سیل کر کے سینکڑوں دکانداروں کا معاشی قتل کیا ہے۔
مارکیٹ سیل کیے جانے کے بعد سخی حسن کےاطرف میں دکانداروں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی اور انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کی۔ تاجروں کا مطالبہ ہے کہ اعلیٰ حکام اس معاملے کا فوری نوٹس لیں اور مارکیٹ کو دوبارہ کھولنے کے احکامات جاری کریں تاکہ کاروبارِ زندگی بحال ہو سکے۔