نئے چینی سال پر صدر و وزیراعظم کی چین کو مبارکباد، پاک چین تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا عزم

February 17, 2026 · اہم خبریں, بام دنیا

صدرِ پاکستان آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نئے چینی سال 2026 کے موقع پر چین کے صدر شی جن پنگ، چینی قیادت، عوام اور دنیا بھر میں موجود چینی کمیونٹی کو مبارکباد پیش کی ہے۔ صدر زرداری نے گھوڑے کے سال کو توانائی، ترقی اور استقامت کی علامت قرار دیا اور کہا کہ پاک چین تعلقات کی 75ویں سالگرہ اس سال منائی جائے گی۔

صدر زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان ہمیشہ ون چائنا پالیسی کی مکمل حمایت کرتا آیا ہے اور چین کی پاکستان کی اصولی حمایت، بشمول مسئلہ کشمیر، قابل قدر ہے۔ انہوں نے شنگھائی تعاون تنظیم میں چین کی قیادت، پاک چین دفاعی و سلامتی تعاون اور سی پیک منصوبے کو علاقائی امن و ترقی کے لیے اہم قرار دیا۔ صدر زرداری نے کہا کہ گھوڑے کا سال پاک چین تعلقات کو تجارت، جدت اور عوامی روابط میں نئی بلندیوں تک لے جائے گا۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ گھوڑا توانائی، لچک، رفتار اور اقدار کی علامت ہے، جو پاکستان اور چین کے مشترکہ سفر کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک آہنی بھائی ہیں اور مشترکہ وژن کے تحت امن، ترقی اور علاقائی روابط کو فروغ دے رہے ہیں۔ وزیر اعظم نے دعا کی کہ نیا سال پاک چین دوستی کو مزید مضبوط کرے اور عوام کی خوشحالی کے لیے تعاون کو مزید مستحکم بنائے۔

صدر اور وزیراعظم نے دونوں ملکوں کے عوام کی اچھی صحت، کامیابی اور ترقی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔