ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے آبنائے ہرمز میں بڑی بحری مشقوں کا آغاز کر دیا
تہران: ایران کی پاسدارانِ انقلاب بحریہ نے آبنائے ہرمز میں ’’اسمارٹ کنٹرول آف دی اسٹریٹ آف ہرمز‘‘ کے نام سے بحری مشقوں کا آغاز کر دیا ہے۔ ایرانی خبر رساں ایجنسی کے مطابق یہ مشترکہ جنگی مشقیں اسٹریٹجک اہمیت کے حامل علاقے میں کی جا رہی ہیں۔
مشقوں کی نگرانی پاسدارانِ انقلاب کے کمانڈر محمد پاکپور کر رہے ہیں۔ حکام کے مطابق مشقوں کا مقصد بحری یونٹس کی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لینا اور ممکنہ سکیورٹی یا فوجی خطرات کی صورت میں فوری اور مؤثر ردعمل کی صلاحیت کو پرکھنا ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق یہ مشقیں آبنائے ہرمز، خلیج فارس اور بحیرۂ عمان کے علاقوں میں ایران کی جغرافیائی اور اسٹریٹجک اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے دفاعی حکمت عملی کے عملی مظاہرے کے لیے کی جا رہی ہیں۔
تجزیہ کاروں کے مطابق یہ مشقیں ایسے وقت میں شروع کی گئی ہیں جب امریکی صدر کی جانب سے مشرقِ وسطیٰ میں ایک اور طیارہ بردار بحری جہاز بھیجنے کے اشارے سامنے آئے ہیں، جس کے باعث خطے میں کشیدگی کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔
یاد رہے کہ آبنائے ہرمز عالمی تیل کی ترسیل کے لیے نہایت اہم گزرگاہ سمجھی جاتی ہے اور یہاں ہونے والی کسی بھی عسکری سرگرمی پر عالمی منڈیوں کی گہری نظر رہتی ہے۔