انسانی حقوق کے علمبردار جیسی لویس جیکسن چل بسے
امریکا کے معروف سیاسی رہنما اور انسانی حقوق کے سرگرم علمبردار جیسی جیکسن 84 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
جیسی جیکسن طویل عرصے تک مذہبی، سماجی اور سیاسی میدان میں متحرک رہے اور امریکا میں سیاہ فام افراد اور اقلیتوں کے حقوق کے لیے نمایاں کردار ادا کیا۔ وہ 8 اکتوبر 1941 کو امریکی ریاست South Carolina میں پیدا ہوئے۔
انہوں نے 1984 اور 1988 کے صدارتی انتخابات میں حصہ لیا، تاہم دونوں بار کامیابی حاصل نہ کر سکے۔ اس کے باوجود وہ قومی سطح پر ایک بااثر آواز کے طور پر ابھرے۔
1984 میں انہوں نے شام کا دورہ کر کے یرغمال بنائے گئے ایک امریکی بحریہ کے پائلٹ کی رہائی میں کردار ادا کیا۔ اسی برس کیوبا کے دورے کے دوران بھی انہوں نے جیلوں میں قید متعدد امریکی اور کیوبن شہریوں کی رہائی کی کوششوں میں حصہ لیا۔
خلیجی جنگ کے دوران 1990 میں بھی جیسی جیکسن نے عراق میں زیر حراست امریکی شہریوں کی رہائی کے لیے سفارتی کوششیں کیں۔
وہ 1991 سے 1997 تک امریکی کانگریس کے غیر منتخب رکن (شیڈو سینیٹر) کے طور پر خدمات انجام دیتے رہے۔ انسانی حقوق اور سماجی انصاف کے لیے ان کی جدوجہد کو طویل عرصے تک یاد رکھا جائے گا۔