ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ:قومی ٹیم نمیبیا کیخلاف بقاء کی جنگ کیلئے تیار

February 18, 2026 · اسپورٹس

 نیویارک/اسلام آباد: ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم آج ایک ایسی پوزیشن پر کھڑی ہے جہاں اسے ٹورنامنٹ میں اپنی بقاء کے لیے نمیبیا جیسی نوآموز ٹیم کے خلاف لازمی فتح درکار ہے۔ گروپ اے کی صورتحال اس وقت انتہائی دلچسپ مرحلے میں داخل ہو چکی ہے جہاں بھارت پہلے ہی سپر ایٹ راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کر چکا ہے، جبکہ میزبان امریکی ٹیم 4 پوائنٹس اور بہتر نیٹ رن ریٹ کے ساتھ پاکستان سے بہتر پوزیشن پر براجمان ہے۔ قومی ٹیم کے لیے آج کا میچ ‘کرو یا مرو’ کی حیثیت رکھتا ہے، کیونکہ نمیبیا سے شکست کی صورت میں پاکستان ٹیم ایونٹ سے باہر ہو کر وطن واپسی کی راہ لے گی، تاہم سپر ایٹ میں رسائی کے لیے فتح کے ساتھ ساتھ نیٹ رن ریٹ بھی اہمیت کا حامل رہے گا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اس اہم میچ پر موسمی اثرات بھی اثر انداز ہو سکتے ہیں۔ اگر بارش کے باعث پاکستان اور نمیبیا کا میچ منسوخ ہو جاتا ہے، تو ضابطے کے تحت دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ مل جائے گا، جس کا براہ راست فائدہ پاکستان کو ہوگا اور وہ ایک پوائنٹ کے فرق سے سپر ایٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کرنے میں کامیاب ہو جائے گی۔ پاکستان اور نمیبیا کے درمیان یہ فیصلہ کن معرکہ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ڈھائی بجے شروع ہوگا، جس پر کرکٹ شائقین کی نظریں جمی ہوئی ہیں۔