بابر اعظم کی وجہ سے عہدے سے استعفیٰ دینا پڑا،محمد یوسف

February 19, 2026 · اسپورٹس

لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز بلے باز محمد یوسف نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں بابر اعظم کی وجہ سے عہدے سے استعفیٰ دینا پڑا۔

محمد یوسف نے بتایا کہ ایک موقع پر جب بابر اعظم فارم میں نہیں تھے تو انہوں نے بابر کو ریسٹ دینے کی تجویز دی، لیکن اس کے خلاف سب نے احتجاج کیا۔ انہوں نے کہا، “سب کہتے تھے بابر کو باہر کریں گے، بابر کو ریسٹ دیں گے، آخرکار میں نے کہا میں استعفیٰ دے دیتا ہوں، آپ کر لیں جو کرنا ہے۔”

سابق کپتان نے مزید کہا کہ بابر اعظم کی بیٹنگ تکنیک خراب ہو چکی تھی اور وہ تین سال سے مستقل رنز نہیں بنا پا رہے تھے۔ انہوں نے تجویز دی کہ بابر کو ریسٹ دیا جائے اور اکیڈمی میں اس کی تکنیک پر کام کیا جائے تاکہ وہ دوبارہ واپس آ جائے۔

محمد یوسف نے انکشاف کیا کہ ان کا استعفیٰ ابتدائی طور پر قبول نہیں کیا گیا تھا، لیکن بعد میں تیسری بار وہ استعفیٰ دے دیا۔

واضح رہے کہ محمد یوسف نے بھارت سے شکست کے بعد قومی اسکواڈ پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ بابر اعظم، شاہین شاہ آفریدی اور شاداب خان کا وقت گزر چکا ہے اور ٹیم کو نئے کھلاڑیوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کو کمزور ٹیموں کے خلاف خالی جیت کی نہیں بلکہ نئے پرفارمرز کی ضرورت ہے۔