تنازعات کا سایہ: بل گیٹس انڈیا اے آئی سمٹ سے دستبردار

February 19, 2026 · بام دنیا
فائل فوٹو

بل گیٹس نے انڈیا اے آئی سمٹ میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کر دیا۔

بل گیٹس نے نئی دہلی میں جاری انڈیا اے آئی امپیکٹ سمٹ میں خطاب سے دستبرداری اختیار کر لی ہے، جس کے بعد اس فیصلے کے وقت پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔ یہ پیش رفت امریکا میں حالیہ جاری ہونے والی تحقیقاتی دستاویزات اور جیفری ایپسٹین سے متعلق تنازع کے تناظر میں سامنے آئی ہے۔

گیٹس فاؤنڈیشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ اس لیے کیا گیا تاکہ چھ روزہ سمٹ میں توجہ مصنوعی ذہانت اور پالیسی مباحث تک مرکوز رہے، فاؤنڈیشن کے مطابق داخلی مشاورت کے بعد یہ قدم اٹھایا گیا۔

فاؤنڈیشن کے افریقہ اور بھارت آپریشنز کے نگران انکور وورا سمٹ میں ادارے کی نمائندگی کریں گے اور شرکا سے خطاب کریں گے، سمٹ کے نظرثانی شدہ پروگرام میں گیٹس کا نام کلیدی مقررین کی فہرست میں شامل نہیں تھا، جس کے بعد قیاس آرائیاں شروع ہو گئی تھیں۔
منتظمین کے مطابق 2026 کا ایڈیشن اب تک کا سب سے بڑا اجتماع ہے، جس میں 20 سے زائد ممالک کے مندوبین اور عالمی سطح کے اے آئی ماہرین شریک ہیں۔ اس سے قبل کانفرنس کے اجلاس برطانیہ، جنوبی کوریا اور فرانس میں منعقد ہو چکے ہیں۔