سپرایٹ مرحلے کے پہلے میچ میں قومی ٹیم میں 2تبدیلیوں کا امکان

February 21, 2026 · اسپورٹس

کولمبو:آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے کا آج باقاعدہ آغاز ہو رہا ہے، جہاں سیمی فائنل میں رسائی کے لیے آٹھ ٹیموں کے درمیان سنسنی خیز مقابلے شروع ہوں گے۔

سپر ایٹ مرحلے کے پہلے میچ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ قومی کرکٹ ٹیمیں کولمبو میں آمنے سامنے ہوں گی۔ میچ مقامی وقت کے مطابق شام ساڑھے چھ بجے شروع ہوگا، اور شائقین کو ایک سنسنی خیز اور کانٹے دار مقابلے کی توقع ہے۔

ذرائع کے مطابق قومی ٹیم میں دو اہم تبدیلیوں کا امکان ہے، جس کے تحت اوپنر فخر زمان اور لیگ اسپنر ابرار احمد کی پلیئنگ الیون میں واپسی متوقع ہے، تاکہ ٹیم کمبی نیشن میں بہتر توازن پیدا کیا جا سکے۔

گروپ مرحلے میں دونوں ٹیموں کی کارکردگی متاثر کن رہی۔ پاکستان نے گروپ اے میں تین میچ جیت کر دوسری پوزیشن حاصل کی، جبکہ نیوزی لینڈ نے گروپ ڈی میں تین فتوحات کے ساتھ دوسری جگہ حاصل کی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان حالیہ برسوں میں سخت اور دلچسپ مقابلے دیکھنے میں آئے ہیں۔ جنوری 2022 سے اب تک دونوں ٹیمیں ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچوں میں 24 مرتبہ مدِ مقابل آ چکی ہیں، جن میں نیوزی لینڈ کو 13 اور پاکستان کو 9 کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔

تاہم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2022 کے سیمی فائنل میں سڈنی میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو شکست دے کر یادگار فتح اپنے نام کی تھی، جسے گرین شرٹس کی اہم کامیابی قرار دیا جاتا ہے۔