پاکستانی کھلاڑیوں کودی ہنڈرڈ سے باہر رکھنا افسوسناک ہوگا،ہیری بروک

February 22, 2026 · اسپورٹس

اسلام آباد: انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک نے کہا ہے کہ اگر پاکستانی کرکٹرز کو انگلینڈ کی ڈومیسٹک وائٹ بال ٹورنامنٹ ‘دی ہنڈرڈ’ میں شامل نہ کیا گیا تو یہ افسوسناک ہوگا۔

ہیری بروک نے سری لنکا کے خلاف میچ سے قبل گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک عظیم کرکٹ ملک ہے اور اس کے کھلاڑی نہ صرف بہترین کرکٹر ہیں بلکہ شائقین کو بھی بڑی تعداد میں میدان میں لاتے ہیں۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ نیلامی میں تقریباً 50 سے 60 کھلاڑی شامل ہوتے ہیں اور ایسے میں کچھ شاندار پاکستانی کھلاڑیوں کو نظر انداز کرنا ٹورنامنٹ کے لیے نقصان دہ ہو سکتا ہے۔

قبل ازیں سابق انگلش کپتان مائیکل وان نے بھی انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) پر زور دیا تھا کہ وہ پاکستانی کھلاڑیوں کی شرکت کو یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کرے۔ برطانوی میڈیا میں رپورٹس کے مطابق آئندہ ماہ ہونے والی پلیئرز نیلامی میں پاکستانی کھلاڑیوں کو شامل نہ کرنے کے خدشات ہیں۔

ای سی بی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ‘دی ہنڈرڈ’ دنیا بھر کے مرد و خواتین کھلاڑیوں کا خیرمقدم کرتا ہے اور توقع ہے کہ تمام 8 ٹیمیں اس لیگ میں تنوع کی عکاسی کریں گی۔ گزشتہ سیزن میں صرف محمد عامر اور عماد وسیم نے اس لیگ میں شرکت کی تھی۔