سیمی فائنل میں پاکستان کی رسائی مزید پیچیدہ
کولمبو: پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے کا اہم میچ مسلسل بارش کی وجہ سے منسوخ ہو گیا اور ایک بھی گیند نہ پھینکی جا سکی۔ چونکہ میچ کے لیے کوئی ریزرو ڈے مقرر نہیں تھا، دونوں ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ دے دیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستانی ٹیم کی سیمی فائنل تک رسائی کی راہ مزید پیچیدہ ہو گئی ہے۔ سلمان علی آغا کی قیادت میں پاکستان کو ایونٹ میں انگلینڈ اور سری لنکا کے خلاف مزید دو میچ کھیلنے ہیں۔ اگر پاکستان دونوں میچ جیت لیتا ہے تو اس کے پوائنٹس پانچ ہو جائیں گے، جو فائنل فور میں جگہ بنانے کے لیے کافی سمجھے جا رہے ہیں۔
تاہم اگر پاکستان ایک میچ جیتے اور ایک ہار جائے تو پوائنٹس تین رہ جائیں گے اور سیمی فائنل میں رسائی دیگر ٹیموں کے نتائج پر منحصر ہوگی۔ اگر دونوں میچ ہارے گئے تو پاکستان کا کوالیفائی کرنے کا امکان ختم ہو جائے گا۔
بارش کے باعث میچ کے منسوخ ہونے سے نہ صرف پاکستان بلکہ نیوزی لینڈ کی ٹیم کی پوزیشن بھی سپر ایٹ مرحلے میں دباؤ کا شکار ہو گئی ہے۔