ثابت کردیا بھارت کو بھی ہرایا جاسکتا ہے،ڈیوڈ ملر
آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کے سپر 8 مرحلے میں جنوبی افریقا کرکٹ ٹیم نے بھارت کو 76 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں اپنی مضبوط پوزیشن قائم کر لی۔ میچ کے بعد جنوبی افریقا کے مڈل آرڈر بیٹر ڈیوڈ ملر نے کہا کہ اس کامیابی نے ثابت کر دیا ہے کہ بھارت جیسی مضبوط ٹیم کو بھی ہرایا جا سکتا ہے۔
بھارت کے خلاف 63 رنز کی نمایاں اننگز کھیلنے والے بائیں ہاتھ کے بلے باز نے کہا کہ ان کی ٹیم تجربے اور اعتماد سے بھرپور ہے اور دباؤ میں بہتر کارکردگی دکھانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ ٹی20 ورلڈ کپ میں رنر اپ رہنے کے بعد اس بار ٹیم کا ہدف ایک قدم آگے بڑھ کر ٹائٹل اپنے نام کرنا ہے۔
دوسری جانب بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان سوریا کمار یادیو نے سیمی فائنل تک رسائی کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم کو بڑی تبدیلیوں کی ضرورت نہیں، بلکہ بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ میں مجموعی طور پر بہتر کارکردگی دکھانے کی ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ احمد آباد میں کھیلے گئے اس میچ میں جنوبی افریقا نے بھارت کی مسلسل فتوحات کا سلسلہ توڑتے ہوئے سپر 8 مرحلے میں اس کے لیے مشکلات بڑھا دی ہیں۔ بھارت اپنا اگلا میچ 26 فروری کو زمبابوے اور یکم مارچ کو ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گا، جبکہ جنوبی افریقا 26 فروری کو ویسٹ انڈیز اور یکم مارچ کو زمبابوے کا سامنا کرے گا۔