پی ایس ایل فرنچائز راولپنڈی نے ٹیم کا نام ’پنڈیز‘ رکھ دیا

February 23, 2026 · اسپورٹس

پاکستان سپر لیگ کے 11 ویں ایڈیشن میں شامل نئی فرنچائز راولپنڈی نے ٹیم کا باضابطہ نام ’پنڈیز‘ رکھ کر شائقین کے سامنے پیش کر دیا۔ فرنچائز نے سوشل میڈیا پر 25 سیکنڈ کی ویڈیو کے ذریعے اعلان کیا، جس میں راولپنڈی کے مشہور مقامات دکھائے گئے اور پس منظر میں جوشیلی موسیقی شامل تھی۔

ویڈیو کے کیپشن میں فرنچائز نے کہا کہ ’’ہم نڈر ہیں، ہم چیلنج دینے آئے ہیں، ہم نیا جوش لے کر آئے ہیں اور ہم کھیل کو بدلنے آئے ہیں۔‘‘ فرنچائز نے جلد ہی ٹیم کا لوگو بھی متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔

واضح رہے کہ سابقہ فرنچائز ملتان سلطانز کی نیلامی ولی ٹیک نے 2 ارب 45 کروڑ روپے میں خریدی تھی، تاہم مالکان نے شہر کا نام ملتان سے بدل کر راولپنڈی رکھا۔ سابقہ مالک علی ترین نے 10 سالہ ملکیت کے معاہدے کی تجدید سے انکار کیا تھا جس کے بعد پی سی بی نے نئی فرنچائز کی نیلامی کا اعلان کیا۔

پاکستان سپر لیگ کا 11 واں ایڈیشن 26 مارچ سے 3 مئی تک کھیلا جائے گا، جس کا شائقین کو بے صبری سے انتظار ہے۔