ایران نے روس سے جدید ’وربا‘ میزائل سسٹم خرید لیا

February 23, 2026 · بام دنیا

تہران/ماسکو: ایران نے اپنے فضائی دفاعی نظام کی مضبوطی کے لیے روس سے جدید ’وربا‘ ائیر ڈیفنس سسٹم خریدنے کا معاہدہ کیا ہے۔ برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز کے مطابق یہ معاہدہ تقریباً 60 کروڑ ڈالر مالیت کا ہے اور دسمبر میں ماسکو میں طے پایا۔

معاہدے کے تحت روس آئندہ تین برسوں میں ایران کو 500 ’وربا‘ لانچ یونٹس اور 2500 ’9M336‘ میزائل فراہم کرے گا، جن کی ترسیل 2027 سے 2029 کے درمیان تین مراحل میں مکمل کی جائے گی۔

’وربا‘ روس کا جدید پورٹیبل فضائی دفاعی نظام ہے، جو کندھے پر رکھ کر فائر کیا جاتا ہے۔ یہ انفراریڈ گائیڈڈ میزائل کم بلندی پر پرواز کرنے والے طیاروں، کروز میزائلوں اور ڈرونز کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق ایران یہ اقدام گزشتہ برس اسرائیل کے ساتھ کشیدگی کے دوران اپنے متاثرہ فضائی دفاعی ڈھانچے کی بحالی کے لیے کر رہا ہے، اور امکان ہے کہ محدود تعداد پہلے ہی ایران کو فراہم کی جا چکی ہو۔