امریکا کے شمال مشرقی علاقوں میں شدید برفانی طوفان
ریاست ہائے متحدہ امریکا کے شمال مشرقی علاقوں میں شدید برفانی طوفان نے نظامِ زندگی کو مفلوج کر دیا ہے۔ ہزاروں پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں جبکہ متعدد ریاستوں میں ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی ہے۔
حکام کے مطابق تقریباً پانچ کروڑ چالیس لاکھ افراد کے لیے انتباہ جاری کیا گیا ہے۔ جن ریاستوں میں ہنگامی حالت نافذ کی گئی ہے ان میں نیویارک، نیو جرسی، ڈیلاویئر، رہوڈ آئی لینڈ، کنیکٹی کٹ اور میساچوسٹس شامل ہیں۔
ملک بھر میں گیارہ ہزار سے زائد پروازیں منسوخ کی جا چکی ہیں جبکہ متعدد پروازیں تاخیر کا شکار ہیں۔ وفاقی فضائی ادارے نے نیویارک سٹی کے ہوائی اڈوں پر عارضی طور پر پروازوں کی آمد و رفت روکنے کا انتباہ جاری کیا ہے۔
شہری انتظامیہ نے نیویارک سٹی میں رات نو بجے سے دوپہر بارہ بجے تک غیر ضروری سفر پر پابندی عائد کر دی ہے۔ میئر ظہران ممدانی نے شہر کے تعلیمی ادارے بند رکھنے کا بھی حکم دیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق نیویارک سٹی میں اٹھارہ سے چوبیس انچ جبکہ بعض علاقوں میں اٹھائیس انچ تک برفباری کا امکان ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور تازہ ترین سرکاری ہدایات پر عمل کریں۔