بنگلہ دیشی فوج میں بڑے تبادلے، خفیہ ایجنسی سربراہ سمیت 2 جنرل ہٹا دیئے

February 24, 2026 · بام دنیا

بنگلہ دیش آرمی میں اعلیٰ سطح پر اہم عہدوں پر ردوبدل کیا گیا ہے، جس میں چیف آف جنرل اسٹاف (سی جی ایس)، پرنسپل اسٹاف آفیسر (پی ایس او) اور ڈائریکٹوریٹ جنرل آف فورسز انٹیلی جنس (ڈی جی ایف آئی) کے ڈائریکٹر جنرل کی تقرریاں شامل ہیں۔

وزارت دفاع کے ذرائع کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل مین الرحمان کو چیف آف جنرل اسٹاف مقرر کیا گیا ہے۔ وہ اس سے قبل آرمی ٹریننگ اینڈ ڈاکٹرائن کمانڈ کے جنرل آفیسر کمانڈنگ تھے۔ سابق سی جی ایس لیفٹیننٹ جنرل میزان الرحمان شمیم حال ہی میں ریٹائر ہوئے تھے۔

چٹگرام میں 24 انفنٹری ڈویژن کے جی او سی میجر جنرل میر مشفق الرحمان کو لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دے کر آرمڈ فورسز ڈویژن میں پرنسپل اسٹاف آفیسر مقرر کیا گیا ہے۔ موجودہ پی ایس او لیفٹیننٹ جنرل ایس ایم قمر الحسن کو وزارت خارجہ میں بطور سفیر تعیناتی کے لیے منتقل کر دیا گیا ہے۔

بریگیڈیئر جنرل محمد قیصر رشید چوہدری کو ترقی دے کر میجر جنرل بنایا گیا اور انہیں ڈائریکٹوریٹ جنرل آف فورسز انٹیلی جنس کا نیا ڈائریکٹر جنرل مقرر کیا گیا ہے۔ وہ آرمی ہیڈکوارٹر سے ڈی جی ایف آئی ہیڈکوارٹر منتقل ہو گئے ہیں۔

ڈی جی ایف آئی کے موجودہ ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل محمد جہانگیر عالم کو بھی وزارت خارجہ میں تبدیل کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ بریگیڈیئر جنرل محمد حفیظ الرحمن کو میجر جنرل کے عہدے پر ترقی دے کر جاشور میں 55 انفنٹری ڈویژن کا جی او سی مقرر کیا گیا ہے، جبکہ میجر جنرل جے ایم امداد الاسلام کو ایسٹ بنگال رجمنٹل سینٹر کا کمانڈنٹ تعینات کیا گیا ہے۔ موجودہ کمانڈنٹ میجر جنرل فردوس حسن کو 24 انفنٹری ڈویژن کا جی او سی مقرر کیا گیا ہے۔