ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان کو انگلینڈ کے ہاتھوں شکست ، اگر مگر کا کھیل شروع

انگلینڈ کی اننگز کی خاص بات ہیری بروک کی 51 گیندوں پر سینچری تھی، مین آف دی میچ قرار پائے۔

               
February 24, 2026 · اسپورٹس, اہم خبریں
فوٹو سوشل میڈیا

فوٹو سوشل میڈیا

پالیکیلے :ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے کے اہم میچ میں انگلینڈ نے ٹی 20 ورلڈ کپ میں سپر ایٹ مرحلے کے دوسرے میچ میں پاکستان کو شکست دے دی ہے۔ انگلینڈ نے 165 رنز کا ہدف آخری اوور میں حاصل کر لیا۔انگلینڈ کی اننگز کی خاص بات ہیری بروک کی 51 گیندوں پر سینچری تھی۔

ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کے ابتدائی تین بیٹرز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھاسکے، اور تینوں فل سالٹ، جوز بٹلر اور جیکب بیتھیل کو 35 کے مجموعے تک شاہین آفریدی نے پویلین لوٹا دیا۔

تاہم وکٹ کی دوسری جانب موجود انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک نے میچ کی اسکرپٹ اپنی سنچری سے لکھ ڈالی۔ انہوں نے 51 گیندوں پر 100 رنز کی دھواں دار اننگز کھیل کر میچ کا پانسہ اپنے حق میں پلٹ لیا۔

انگلینڈ نے آخری اوور میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز کا ہدف حاصل کیا۔

ہیری بروک کے دوسرے سب زیادہ رنز بنانے والے انگلش کھلاڑی ول جیکس تھے، انہوں نے 28 رنز کی اننگز کھیلی۔

پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے 4 وکٹیں لیں، عثمان طارق اور محمد نواز نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک کو فتح گر اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

قبل ازیں پاکستان نے انگلینڈ کو جیت کیلیے 165رنز کا ہدف دیا تھا۔ قومی ٹیم نے 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز بنائے۔

پالیکیلے میں کھیلے جارہے سپر ایٹ میں گروپ 2 کے اس اہم میچ میں پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

پاکستانی اوپنرز صائم ایوب اور صاحبزادہ فرحان نے محتاط انداز میں آغاز کیا، تاہم پہلی وکٹ 14 رنز پر گر گئی جہاں صائم ایوب 7 رنز بنا کر جوفرا آرچر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

اسی طرح کپتان سلمان علی آغا بھی زیادہ نہ کھیل سکے، وہ 5 رنز بنانے کے بعد لیام ڈاسن کی گیند پر 27 کے مجموعے پر کیچ دے بیٹھے۔

صاحبزادہ فرحان کے ساتھ بابر اعظم نے محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور 73 رنز تک پہنچایا جہاں بابر اعظم اوورٹن کی گیند پر بولڈ ہوگئے، انہوں نے 24 گیندوں پر 25 رنز کی اننگز کھیلی۔

اس کے بعد آنے والے بلے باز فخر زمان نے فرحان کے ساتھ رنز بنانے کی اسپیڈ بڑھائی اور اس دوران صاحبزادہ فرحان نے اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ تاہم 122 کے مجموعے پر فرحان اوورٹن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔

اگلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی فخر زمان تھے، انہوں نے 16 گیندوں پر 24 رنز کی اننگز کھیلی، انہیں عادل رشید نے کیچ آؤٹ کروایا۔

پاکستان کی چٹھی اور ساتویں وکٹ 146 کے مجموعے پر جبکہ آٹھویں وکٹ 149 پر گری جہاں بالترتیب عثمان خان (8)، محمد نواز (0) اور شاہین آفریدی (2) آؤٹ ہوئے۔

اختتامی لمحات میں شاداب خان نے 23 رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر ٹیم کا ٹوٹل 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز تک پہنچایا۔

میچ کےلیے پاکستان ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی، جہاں فہیم اشرف کی جگہ پر شاہین آفریدی کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا ہے۔

 کپتان سلمان آغا کا کہنا ہے کہ پچ بیٹنگ کے لیے سازگار نظر آ رہی ہے۔ ان کا ارادہ ہے کہ بورڈ پر ایک بڑا (Above-par) اسکور سجایا جائے اور پھر اس کا دفاع کیا جائے۔پاکستان نے اس میچ کے لیے اپنی پلیئنگ الیون میں ایک اہم تبدیلی کی ہے، آل راؤنڈر فہیم اشرف کی جگہ اسٹار فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کو ٹیم میں واپس شامل کر لیا گیا ہے۔کیوی کپتان ہیری بروک نے پہلے باؤلنگ ملنے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ “یہ تازہ پچ ہے، اس لیے امید ہے کہ ہدف کا تعاقب کرنا (Chasing) یہاں آسان ہوگا”۔

پلیئنگ الیونز:

پاکستان ٹیم کپتان سلمان علی آغا، صاحبزادہ فرحام، صائم ایوب، بابر اعظم، فخر زمان، محمد نواز، شاداب خان، شاہین آفریدی، سلمان مرزا اور عثمان خان اور عثمان طارق پر مشتمل ہے۔

انگلینڈ کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، انگلش ٹیم میں کپتان ہیری بروک، فل سالٹ، جوز بٹلر، جیکب بیتھیل، ٹام بیٹن، ہیری بروک، سیم کرن، ول جیکس، لیام ڈاسن، جیمی اوورٹن، جوفرا آرچر اور عادل رشید شامل ہیں۔