مانچسٹر میں نماز تراویح کے دوران کلہاڑی سے مسلح شخص کا امام پر حملہ

February 25, 2026 · بام دنیا

برطانیہ کے شہر مانچسٹر میں واقع وکٹوریہ پارک مسجد میں تراویح کی نماز کے دوران خوفناک واقعہ پیش آیا، جہاں ایک شخص کلہاڑی، چاقو اور ہتھوڑا لے کر مسجد میں داخل ہوگیا۔

عینی شاہدین کے مطابق حملہ آور چیختا ہوا اندر آیا اور امام کو تلاش کر رہا تھا۔ واقعے کے دوران نمازیوں میں بھگدڑ مچ گئی اور لوگوں نے اپنی جان بچانے کے لیے نماز توڑ کر محفوظ مقام کی طرف جانے کی کوشش کی۔

مقامی افراد نے ہمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے حملہ آور کو قابو کرنے کی کوشش کی۔ ایک شخص نے اس کے ہاتھ میں کلہاڑی دیکھ کر اسے زمین پر گرا دیا، جس کے بعد پولیس کو اطلاع دی گئی۔ گریٹر مانچسٹر پولیس کے مسلح افسران چند منٹوں میں موقع پر پہنچ گئے اور ملزم کو گرفتار کر لیا۔

پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ واقعے کی نوعیت اور محرکات جاننے کے لیے مزید تفتیش جاری ہے۔